ہرن اور جنگلی جانوروں کا شکار کرنے والی ٹولی گرفتار

   

حیدرآباد : کمشنر ٹاسک فورس پولیس نے محکمہ جنگلات کی مدد سے تین شکاریوں کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے ایک زندہ ہرن اور جنگلی جانور کا گوشت برآمد کرلیا۔ پولیس کمشنر حیدرآباد انجنی کمار نے نہرو زوالوجیکل پارک میں ایک پریس کانفرنس کا انعقاد کیا جس میں بتایا کہ چوان شنکر بابا متوطن ضلع نرمل، محمد زبیر متوطن نظام آباد اور محمد سلمان الدین ساکن آصف نگر جس کا تعلق ضلع نظام آباد سے ہے، جنگلی جانور کے شکار میں ملوث ہے۔ پولیس کمشنر نے کہا کہ شنکر بابا پیشہ سے کاشت کار ہے لیکن مناسب آمدنی نہ ہونے کے سبب اس نے جنگلی جانوروں بشمول ہرن وغیرہ کا شکار کرتے ہوئے اس کا گوشت مہنگے داموں میں فروخت کرنے کا کاروبار شروع کیا۔ اس سلسلے میں شنکر بابا نے محمد زبیر، سلمان الدین سے رابطہ قائم کرتے ہوئے اپنا کاروبار چلانے لگا۔ انہوں نے کہا کہ سلمان الدین نے ایک کار کرایہ پر حاصل کرتے ہوئے ضلع نظام آباد پہنچا جہاں پر اس کی ملاقات زبیر اور شنکر سے ہوئی اور اس نے 15 ہزار روپئے میں زندہ ہرن خریدا اور ایک ہرن کو 7 ہزار روپئے میں خرید کر ضلع نظام آباد میں اسے ذبح کردیا۔