ہرن کے سینگ فروخت کرنے کی کوشش ۔ 2 افراد گرفتار

   

حیدرآباد /19 مارچ، ( سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس سنٹرل زون ٹیم اور محکمہ جنگلات کے عہدیداروں نے مشترکہ کارروائی میں ہرن کے سینگ فروخت کرنے والے دو افراد کو گرفتار کرلیا۔ خفیہ اطلاع پر ٹاسک فورس ٹیم نے فاریسٹ عہدیداروں کے ساتھ کارروائی میں دو افراد 25 سالہ پٹالہ شوبھن بابو ساکن سکندر پور میدک اور 40 سالہ بونالا ناگاچاری ساکن بوئن پلی کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے ہرن کے دو سینگ ضبط کرلئے ۔ پولیس کے مطابق چند ماہ قبل چاری اور بابو کی ملاقات ہوئی تھی ۔ اس دوران شوبھن بابو نے چاری کو پرندوں کا گوشت سپلائی کرنا شروع کردیا جس کے بعد دونوں نے منصوبہ بنایا اور ہرن کے سینگ فروخت کرنے کی کوشش کی۔ چاری نے شوبھن بابو کو بتایا کہ ہرن کے سینگ کی بہت مانگ ہے اور دونوں نے سازش تیار کی اور شوبھن بابو نے ہرن کے سینگ سرارم علاقہ سے 2 ہزار روپئے کے عوض خریدے اور بوئن پلی مارکٹ میں اسے فروخت کرنے پہنچا اس دوران پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا۔ع