ہرن کے شکار میں ملوث دو افراد گرفتار ‘ڈاکٹر شامل

   

ٹولی چوکی پولیس کی کارروائی ۔ 10 کیلو گوشت برآمد
حیدرآباد : /14 ستمبر (سیاست نیوز) ٹولی چوکی پولیس نے دو افراد بشمول ایک ڈاکٹر کو سبزہ کالونی سے گرفتار کرلیا جو ہرن کے شکار میں ملوث ہیں ۔ اس کارروائی میں پولیس نے 10 کیلو ہرن کا گوشت اور سینگ بھی برآمد کرلئے ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ ویسٹ زون جی چندر موہن نے بتایا کہ بولیرو کار کی اچانک تلاشی پر ہرن کا گوشت برآمد ہوا اور ہرن کے شکار میں ملوث 47 سالہ محمد سلیم موسیٰ جو پیشہ سے ڈاکٹر ہے ساکن سبزہ کالونی اور اس کے ساتھی 48 سالہ محمد اقبال علی ساکن بازار گھاٹ کو گرفتار کرلیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ جنگلاتی علاقوں میں شکار کے بعد ہرن کا گوشت شہر منتقل کیا تھا اور پولیس کو خفیہ اطلاع ملنے پر یہ کارروائی کی گئی ۔ ڈی سی پی نے کہا کہ حراست میں لینے پر ملزمین نے پہلے پولیس کو گمراہ کو کرنے کی کوشش کی لیکن تفتیش کے دوران تمام معاملہ کا خلاصہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ گرفتار افراد کو ضبط شدہ گوشت و سینگ کے ساتھ محکمہ جنگلات کے عہدیداروں کو حوالے کردیا گیا ۔ ڈی سی پی چندرموہن نے کہا کہ وائیلڈ لائف پروٹیکشن ایکٹ 1972 ء کے تحت جنگلی جانوروں کے گوشت کی منتقلی یا اس کے استعمال پر سخت کارروائی کی جاتی ہے ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اس قسم کے واقعات میں ملوث ہونے والے افراد کے خلاف پولیس کو فوری اطلاع دیں ۔ ب