ہرویندر کو آرچری کا برانز میڈل

   

ہندوستان کے تیر انداز ہرویندر سنگھ نے تاریخی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹوکیو پیرالمپکس میںگزشتہ روز برانز میڈل جیتا۔ یہ تیر اندازی میں ہندوستان کا پیرالمپکس کا اب تک کا پہلا میڈل ہے۔ ہرویندر نے کوریا کے کم من سو کو شکست دے کر مرد انفرادی ریکور۔ اوپن ایونٹ میں تمغہ جیتا۔ ہرویندر نے کوریائی شوٹر کو شوٹ آف میں 5-6 سے پیچھے چھوڑا اور تمغہ اپنے نام کرلیا۔ انہوں نے تین بار کے پیرالمپین جرمنی کے میک اسجارس جیوسکی کو 2-6 سے شکست دے کر ایونٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بنائی تھی۔ سیمی فائنل میں وہ امریکہ کے کیون ماتھیر سے 6-4 سے ہار گئے تھے۔ اس کے بعد انہوں نے کانسے کا تمغہ کے لئے دلچسپ شوٹ آوٹ میں کوریا کے کم من سو کو شکست دی۔ دنیا کے 23 ویں نمبر کے کھلاڑی ہرویندر نے 2018 پیرا ایشیائی کھیلوں میں گولڈ میڈل جیتا تھا۔ پٹیالہ کی پنجاب یونیورسٹی میں اکنامکس کے طالب علم ہرویندر نے برانز میڈل پلے آف میں 3-5 سے سبقت بنالی تھی، لیکن کوریائی تیرانداز نے پانچواں سیٹ جیت کر مقابلے کو شوٹ آوٹ میں کھینچا۔ ہرویندر نے پرفیکٹ 10لگایا جبکہ کم 8 ہی اسکور کر سکے۔