ہریانہ اسمبلی انتخاب کیلئے 1561 نامزدگیاں داخل

   

چیف منسٹر کیخلاف 23 امیدوار‘‘نامزدگی واپس لینے کی کل آخری تاریخ
چندی گڑھ :ہریانہ اسمبلی الیکشن کیلئے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔ مجموعی طور پر 1561 امیدوار میدان میں ہیں۔ ہریانہ کے چیف الیکٹورل افسر پنکج اگروال نے یہ اطلاع دی اور بتایا کہ ریاست کی 90 اسمبلی سیٹوں میں سے بھیوانی اسمبلی سیٹ پر سب سے زیادہ 31 امیدواروں ہیں جبکہ نانگل چودھری اسمبلی سیٹ پر سب سے کم 9 امیدوار سیاسی قسمت آزمائی کر رہے ہیں۔قابل ذکر ہے کہ ہریانہ میں پرچۂ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 12 ستمبر تھی جبکہ 13 ستمبر کو پرچہ نامزدگی کی جانچ کی گئی۔ 16 ستمبر تک امیدوار اپنی نامزدگی واپس لے سکتے ہیں۔ یعنی امیدواروں کی مجموعی تعداد جو اس وقت 1561 ہے اس میں کمی واقع ہو سکتی ہے۔ 16 ستمبر کے بعد چیف الیکٹورل افسر کے ذریعہ پھر سے امیدواروں کی مجموعی تعداد جاری کی جائے گی۔ ابھی جو جانکاری دی گئی ہے اس کے مطابق وزیر اعلیٰ نائب سنگھ سینی کروکشیتر کی جس لاڈوا اسمبلی سیٹ سے انتخاب لڑ رہے ہیں وہاں سینی سمیت 24 امیدواروںہیں۔ یعنی نائب سینی کو 23 امیدواروں سے مقابلہ کرنا ہوگا۔جیند ضلع کی جولانا اسمبلی سیٹ سے 16 امیدواروں نے قسمت آزمائی کا فیصلہ کیا ہے اور یہ ’ہاٹ سیٹ‘ ثابت ہونے والی ہے کیونکہ وہاں سے کانگریس نے مشہور خاتون پہلوان ونیش پھوگاٹ کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔بہرحال 2014 اسمبلی انتخاب کی بات کی جائے تو اس وقت 1351 امیدواروں نے انتخاب لڑا تھاجبکہ 2019 اسمبلی انتخاب میں یہ تعداد 1169 تھی۔ گزشتہ 10 سالوں سے ہریانہ میں بی جے پی برسراقتدار ہے اور اس مرتبہ وہ ہیٹ ٹرک کی کوشش کر رہی ہے حالانکہ بی جے پی کی کامیابی کے امکانات کو سیاسی تجزیہ نگار دھندلا بتا رہے ہیں۔کانگریس پارٹی اس مرتبہ اسمبلی الیکشن کیلئے زور وشور سے مہم چلارہی ہے اور اس کے امیدواروں کو کامیابی کا یقین ہورہا ہے ۔