چندی گڑھ 20فروری (سیاست ڈاٹ کام ) ہریانہ اسمبلی کا بجٹ اجلاس آج یعنی جمعرات سے شروع ہوگیا جو چار مارچ تک چلے گا۔ یہ اجلاس 14دن کا ہے لیکن اس دوران پانچ چھٹیوں کے دن ہیں۔اجلاس کی آج پہلی میٹنگ گیارہ بجے گورنر کے خطبہ کے ساتھ شروع ہوئی۔ اس کے بعد ایوان میں آنجہانی ہستیوں کو خراج عقید پیش کیا گیا۔ اس کے بعد اسمبلی اسپیکر گیان چند گپتا نے اجلاس کے دوران نپٹائے جانے والے کاموں کے لئے قائم مشاورتی کمیٹی کی دوسری رپورٹ ایوان میں پیش کی جس کے مطابق 20فروری کو گورنر کے خطاب سے پہلے اجلاس کی شروعات ہوگی۔ اس کے بعد آنجہانی ہستیوں کو خراج عقیدت پیش کی جائے گی اور کچھ ضروری دستاویز ایوان کی میز پر رکھے جائیں گے ۔21فروری کو مہاشیوراتری، 22کو سنیچر اور 23فروری کو چھٹی رہے گی۔ 24فروری کو دوپہر دو بجے اجلاس کی دوسری میٹنگ میں وقفہ صفر کے بعد گورنر کے خطبہ پر بحث شروع ہوگی جو 26فروری تک چلے گی اسی دن گورنر کے خطاب پر جواب کے بعد شکریہ کی تحریک منظور کی جائے گی۔ 27فروری کو وقفہ سوالات اور غیرقانون سازی کا کام ہوگا۔