چندی گڑھ۔20 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) حالیہ عرصہ میں بی جے ی سے اتحاد کرنے والی ہریانہ کی شرومنی اکالی دل نے کہا کہ آئندہ ہونے والے اسمبلی انتخابات میں نشستوں کی تقسیم پر مناسب وقت پر فیصلہ کیا جائے گا ۔ اکٹوبر میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں شرومنی اکالی دل اپنے قبضہ میں زیادہ نشستیں رکھنا چاہتی ہے ۔ اس خبر کو لیکر بلویندر سنگھ بھنڈر ، پارٹی انچارج اور سینئر لیڈر نے کہا کہ اس بات کا فیصلہ مناسب وقت پر بی جے پی کے ساتھ میٹنگ میں کیا جائے گا ۔سینئر اکالی لیڈر پروفیسر پریم سنگھ چندو مجرا نے چہارشنبہ کو دہلی میں بیان دیا تھا کہ ان کی پارٹی 90نشستوں میں سے 30نشستوں پر بہ آسانی کامیابی حاصل کرلے گی لیکن بھنڈر نے کہا کہ ان کی پارٹی نے بی جے پی سے کبھی بھی نشستوں کا مطالبہ نہیں کیا ہے ۔ لوک سبھا انتخابات سے قبل شرومنی اکالی دل نے بی جے پی سے اتحاد کرلیا تھا اور کہا تھا کہ وہ 10لوک سبھا نشستوں میں کسی بھی امیدوار کو نہیں ٹھہرائے گی اور بجائے اس کے وہ زعفرانی پارٹی کی مدد کرے گی ۔