ہریانہ حکومت اقلیت میں آگئی تین آزاد ایم ایل اے حمایت سے دستبردار، کانگریس کی تائید

   

چنڈی گڑھ: ہریانہ میں تین آزاد ایم ایل اے نے منگل کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت سے اپنی حمایت واپس لینے اور کانگریس کی حمایت کا اعلان کیا۔کانگریس کے ریاستی صدر ادے بھان نے یہ دعویٰ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘X’ پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ چرخی دادری کے ایم ایل اے سوم ویر سنگوان، پلندری ایم ایل اے رندھیر گولن اور نیلوکھیری کے ایم ایل اے دھرم پال گوندر کے اس قدم کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ ادے بھان نے ‘X’ پر لکھاکہ “لوک سبھا انتخابات کے نتائج آنے سے پہلے ہی ہریانہ میں رجحانات ابھرنے لگے ہیں۔ ہریانہ میں تین آزاد ایم ایل ایز نے ہریانہ حکومت سے حمایت واپس لے کر کانگریس کی حمایت کی ہے ۔ ہریانہ کے لوگ جلد ہی عوام دشمن مودی اور سینی حکومتوں کو سبق سکھانے والے ہیں۔ہریانہ میں قائد حزب اختلاف بھوپیندر سنگھ ہڈا نے کہا کہ نایاب سنگھ سینی حکومت نے اکثریت کھو دی ہے اور ریاست میں صدر راج نافذ کرکے فوری طور پر اسمبلی انتخابات کرائے جائیں۔قبل ازیں پریس کانفرنس میں مسٹر سنگوان، مسٹر گولن اور مسٹر گوندر نے کانگریس کے سینئر لیڈروں کی موجودگی میں بی جے پی حکومت سے اپنی حمایت واپس لینے اور کانگریس کو حمایت دینے کا اعلان کیا۔انہوں نے حمایت واپس لینے سے متعلق گورنر کو خط بھیجنے کا دعویٰ بھی کیا۔