ہریانہ :منوہر لال کھٹر کی بحیثیت چیف منسٹر دوسری مرتبہ حلف برداری

,

   

دشئینت چوٹالہ نے ڈپٹی چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لیا

چندی گڑھ 27 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) منوہر لال کھٹر نے آج ہریانہ میں دوسری مرتبہ چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لیا ۔ منوہر لال کھٹر ریاست میں بی جے پی اور جے جے پی کی مخلوط حکومت کی قیادت کریں گے ۔ جن نائک جنتا پارٹی کے لیڈر دشئینت چوٹالہ نے ڈپٹی چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لیا ۔ گورنر ہریانہ ستیہ دیو نارائن آریہ نے راج بھون میں دیوالی کے دن منعقدہ اس تقریب میں منوہر لال کھٹر اور دشئینت چوٹالہ کو عہدہ اور راز داری کا حلف دلایا ۔ بی جے پی کے ورکنگ صدر جے پی نڈا ‘ گورنر پنجاب وی پی سنگھ بدنور ‘ سابق چیف منسٹر پنجاب پرکاش سنگھ بادل ‘ مرکزی وزرا کرشن پال گرجر ‘ آر ایل کٹاریہ ‘ چیف منسٹر اترکھنڈ ترویندر سنگھ راوت ‘ ہماچل پردیش کے چیف منسٹر جئے رام ٹھاکر ‘ سابق چیف منسٹر ہریانہ بھوپیندر سنگھ ہوڈا ‘ شرومنی اکالی دل کے سربراہ سکھبیر سنگھ بادل بھی اس تقریب میں شریک رہے ۔ دشئینت چوٹالہ کے والد اجئے چوٹالہ جو کل ہی تہاڑ جیل سے پیرول پر رہا ہوئے ہیں تقریب میں شریک رہے ۔ دشئینت چوٹالہ کی والدہ نینا چوٹالہ بھی موجود تھیں جو دوسری مرتبہ اسمبلی کی رکنیت کیلئے منتخب ہوئی ہیں۔ اجئے چوٹالہ ٹیچرس کی بھرتیوں کے اسکام میں خاطی قرار دئے جانے کے بعد سے تہاڑ جیل میں قید ہیں۔ بی جے پی نے جمعہ ہی کو دشئینت چوٹالہ کی جے جے پی سے اتحاد کرتے ہوئے آئندہ حکومت تشکیل دینے سے اتفاق کرلیا تھا جبکہ ہریانہ میں ہوئے اسمبلی انتخابات میں پارٹی کو واضح اکثریت حاصل نہیں ہوئی تھی ۔ 90 رکنی اسمبلی میں بی جے پی کو 40 نشستیں حاصل ہوئی تھیں ۔ معلق اسمبلی میں بی جے پی نے جے جے پی سے اتحاد کیا ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے ہریانہ میں چیف منسٹر اور ڈپٹی چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لینے پر منوہر لاک کھٹر اور دشئینت چوٹالہ کو مبارکباد دی ہے ۔