چنڈی گڑھ: ہریانہ کی 10 لوک سبھا سیٹوں میں سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی ) کو صرف پانچ سیٹوں پر ہی کامیابی حاصل ہونے کا امکان ہے اور پارٹی کی سیٹیں گزشتہ لوک سبھا انتخابات میں اس کی کارکردگی کے مقابلے نصف رہ جانے کا امکان ہے ۔شام 5 بجے تک کے رجحانات کے مطابق بی جے پی کرنال، فرید آباد، بھیوانی مہندر گڑھ، گڑگاؤں اور کروکشیتر میں آگے تھی اور کانگریس انبالہ، سرسا، روہتک، سونی پت اور حصار میں آگے تھی۔کروکشیتر اور گڑگاؤں میں رجحانات میں تبدیلی آئی ہے ۔ کروکشیتر میں جہاں عام آدمی پارٹی کے سشیل گپتا ابتدائی رجحانات میں آگے تھے ، اب بی جے پی کے نوین جندل آگے ہیں، وہیں گڑگاؤں میں راج ببر، جو صبح سے آگے تھے ، اب راؤ اندرجیت سے بہت پیچھے رہ گئے ہیں۔روہتک میں کانگریس کے دیپندر سنگھ ہڈا بی جے پی کے اروند شرما سے تین لاکھ 21 ہزار کے بڑے فرق سے آگے ہیں۔ سرسا میں کماری سیلجا بھی بی جے پی کے ڈاکٹر اشوک تنور سے دو لاکھ 67 ہزار کے بڑے فرق سے آگے چل رہی ہیں۔ اسی طرح کرنال سے سابق وزیر اعلیٰ منوہر لال کھٹر 2 لاکھ 11 ہزار ووٹوں کے فرق سے یقینی جیت کی طرف بڑھ رہے ہیں۔