دس افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق ‘ کئی اضلاع زیر آب‘ عوام کو شدید مشکلات کا سامنا
چنڈی گڑھ: ہریانہ میں بارش نے تباہی مچا دی ہے۔ شمالی ہریانہ اور جی ٹی بیلٹ کے اضلاع سیلاب سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ حیرت کی بات ہے کہ جب لوگ مدد کے لیے حکومت کی طرف دیکھ ر ہے ہیں، اس وقت یہ مشن 2024 پر غوروخوض کر رہی ہے۔ جس کی وجہ سے عوام میں ناراضگی پائی جاتی ہے۔ اسی غصہ کا نتیجہ ہے کہ ایک خاتون نے بی جے پی کے رکن اسمبلی کو تھپڑ مار دیا، جو کیتھل سیلاب سے متاثرہ علاقے کا جائزہ لینے گئے تھے۔ ایم ایل اے کے ساتھ دھکا مکی بھی کی گئی۔ پولیس نے انہیں بمشکل وہاں سے نکالا۔ہریانہ کے نصف درجن سے زیادہ اضلاع سیلاب سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ ان میں پنچکولہ، یمنا نگر، امبالا، کیتھل، کرنال، سونی پت، پانی پت اور کروکشیتر شامل ہیں۔ سڑک اور ریل ٹریفک بھی بری طرح متاثر ہے۔ وزیر اعلیٰ نے خود 10 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ ایسے وقت میں لوگ حکومت سے مدد کے متلاشی ہیں لیکن حکومت کی فکر میں شاید انتخابات سب سے اہم ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ لوگ ناراض ہیں۔جن نائک جنتا پارٹی کے ایم ایل اے ایشور سنگھ کو کل اس غصے کا شکار ہو گئے، جب ایک خاتون انہیں تھپڑ مار دیا۔ ایشور سنگھ کیتھل ضلع میں اپنے حلقہ انتخاب گہلا میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے گئے تھے۔ چیکا علاقے کے گاؤں بھاٹیہ میں گھگر ندی کا بند ٹوٹنے کے بعد گاؤں میں پانی بھر رہا ہے۔ لوگوں نے الزام لگایا کہ پانچ سالوں میں وہ ایک بار بھی لوگوں کے دکھ درد جاننے نہیں آئے۔ اب وہ یہاں کیا کرنے آئے ہیں؟ اس بحث کے دوران ایک دیہاتی خاتون مشتعل ہو گئی اور غصے میں ایم ایل اے کو تھپڑ مار دیا۔ پولیس انہیں وہاں سے لے گئی۔ یہاں گھگر ندی خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہے۔ 40 دیہات میں سیلاب کا خطرہ ہے اور کئی دیہات کی آبادی بھی زیر آب آ گئی ہے۔خیال رہے کہ ہریانہ میں بارش کے بعد 7 اضلاع میں حالات خراب ہو گئے ہیں۔ کرنال، پانی پت اور سونی پت میں یمنا کے اوور فلو کی وجہ سے دیہاتوں میں پانی داخل ہو گیا ہے۔ سب سے زیادہ نقصان کروکشیتر اور امبالا شہر کے علاقوں سے بتایا گیا ہے۔ خود وزیر اعلیٰ نے تصدیق کی ہے کہ یمنا نگر، کیتھل، پنچکولہ تک کے علاقوں میں بارش سے لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ پانچ اضلاع کو الرٹ موڈ پر رکھا گیا ہے۔ ان میں جند، فتح آباد، فرید آباد، پلوال، سرسا شامل ہیں۔
