ہریانہ میں ووٹ چوری کا کھیل جلد بے نقاب ہوگا: کانگریس ایم پی

   

روہتک۔ 16 اگست (یو این آئی) کانگریس کے رکن پارلیمنٹ دیپیندر ہڈا نے الزام لگایا ہے کہ ہریانہ میں بی جے پی کی حکومت عوام کی حمایت سے نہیں بلکہ ایک سازش کے ذریعہ بنائی گئی ہے ۔ ہفتہ کو روہتک میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر ہڈا نے کہا کہ ہریانہ میں بی جے پی کی حکومت ایک سازش کے ذریعہ بنی تھی۔ ریاست میں ووٹ چوری کا کھیل کھیلا گیا جسے جلد بے نقاب کیا جائے گا۔ کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی کی قیادت میں ووٹ چوری کے خلاف ملک گیر مہم کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈیٹا کے ساتھ انتخابی نظام کی خامیوں کو بے نقاب کرنے کا کام جاری ہے ۔ ہریانہ میں جرائم کے بڑھتے ہوئے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے وزیر اعلیٰ نائب سینی کے دعووں پر سوال اٹھاتے ہوئے کہاکہ وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ ہریانہ محفوظ ہے ، لیکن انہیں سوشل میڈیا پر ان کے بیانات کے نیچے دیے گئے تبصروں کو پڑھنا چاہیے ، جو سچ بتاتے ہیں۔ ہڈا نے کہا کہ ریاست کی بی جے پی حکومت عوامی جذبات کی نمائندگی نہیں کرتی ہے ، بلکہ ایک سوچی سمجھی سازش کے ذریعہ اقتدار میں آئی ہے ۔
انہوں نے آزادی سے پہلے کے دور کے کچھ نظریات کا ذکر کیا، جنہوں نے آزادی کی جدوجہد کو کمزور کیا اور بھائیوں کو ایک دوسرے سے لڑانے پر مجبور کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ہماری دو لڑائیاں تھیں ایک انگریزوں سے جو ہم نے جیتی اور دوسری اس نظریے سے جس نے ملک کو تقسیم کرنے کا کام کیا۔ آج بھی اس نظریے کے خلاف لڑائی جاری ہے ۔ کانگریس ایم پی نے مرکزی حکومت پر بھی حملہ کیا اور سوال اٹھایا کہ کیا پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد حکمران پارٹی نے اپنا راج دھرم پورا کیا؟ انہوں نے کہا کہ جب پوری دنیا ہندوستان کی طرف دیکھ رہی تھی، حکومت نے دو بار آل پارٹی میٹنگ بلائی، لیکن وزیر اعظم نریندر مودی نے ایک بار بھی اس میں شرکت نہیں کی اور وہ بہار میں انتخابی مہم میں مصروف رہے ۔