ہریانہ میں کانگریس متحد، غلام نبی آزاد کا ادعا

   

قائدین انتخابی مہم کے طورپر ریاست گیر بس یاترا کریں گے
نئی دہلی ۔ 18 مارچ ۔(سیاست ڈاٹ کام) کانگریس ہریانہ میں متحد ہے اور اپنے اتحاد کا مظاہرہ کرے گی جب اُس کے قائدین انتخابی مہم کے طورپر اپنی بس یاترا کا آغاز کریں گے ۔ کانگریس کے ایک اعلیٰ سطحی قائد غلام نبی آزاد نے کانگریس کے ریاستی کمیٹی کے ارکان میں اختلافات کی تردید کی ۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری انچارج اُمور ہریانہ غلام نبی آزاد نے رابطہ کمیٹی ہریانہ کی جانب سے برسرعام اختلافات کے اظہار کے ایک ہفتہ بعد یہ تبصرہ کیا۔ کمیٹی کا اجلاس آئندہ منگل کو مقرر ہے جس کی صدارت ہریانہ کے سابق چیف منسٹر بھوپیندر سنگھ ہوڈا صدرنشین کے طورپر غلام نبی آزاد کی موجودگی میں کریں گے ۔ تاہم کانگریس قائد نے کمیٹی کی تشکیل کے سلسلے میں کسی بھی قسم کی ناراضگی کی تردید کی ۔ ریاست میں لوک سبھا نشستوں کیلئے رائے دہی 12 مئی کو ہوگی ۔ بس یاترا سے پارٹی کی انتخابی مہم کا آغاز ہوگا جبکہ رائے دہی جاریہ سال کے اواخر میں مقرر ہے ۔ غلام نبی آزاد نے کہاکہ ہم آندھرا ۔ کرناٹک کے نمونے کی تقلید نہیں کریں گے جن کا آغاز میں نے تقریباً 20سال قبل کیا تھا تاکہ تمام قائدین کو متحد رکھا جاسکے اور انھیں ہر جگہ ساتھ لے جایا جائے ۔ کانگریس نے 1999-2000 میں اور آندھراپردیش میں 2003-2004 ء میں ایسا کیا تھا ۔ آزاد نے کہا کہ اُن میں اختلافات بس میں داخل ہونے سے پہلے ہی ظاہر ہوگئے تھے لیکن جب وہ بس سے باہر آئے تو وہ تمام متحد تھے ۔ 20قائدین متحد ہوکر ایک ہی قائد بن گئے تھے جب اُنھوں نے ایک شہ نشین پر خطاب کیا اور جب کھانے بیٹھے تو ایک ہی تھالی میں کھایا ۔