ہریانہ میں کسانوں کے مظاہرے ، پتلے نذرآتش

,

   

چنڈی گڑھ: مرکزکے زرعی قواین کے خلاف آج ہریانہ،پنجاب اور دہلی کے سرحدی علاقوں میں جاری کسان تحریک کے چھ ماہ مکمل ہونے پر ‘یوم سیاہ’ منانے کے سنیکت کسان مورچہ (ایس کے ایم ) کے اعلان پر کسانوں نے ہریانہ میں آج مختلف مقامات پر مظاہرے کر کے پتلے نذر آتش کئے ۔کسانوں کے ‘یوم سیاہ’ کے حوالہ سے امن و امان برقرار رکھنے کے لئے ریاستی حکومت نے پولیس کے لئے ڈیوٹی مجسٹریٹ کے ساتھ خصوصی انتظامات کئے تھے ۔ کسانوں کے دھرنا و مظاہرہ اور پتلا نذر آتش کرنے کے اپنے پہلے سے مقررہ پروگرام کے مطابق کسان سرسہ کے بھومن شاہ چوک پر جمع ہوئے اور کسان رہنما لکھوندر سنگھ اولکھ کی قیادت میں ریاست کے نائب وزیر اعلی دشینت چوٹالہ کی رہائش گاہ کی طرف مارچ کرنے کی کوشش کی۔ اس دوران وہاں تعینات پولیس افسران نے انہیں سمجھانے کی کوشش کی ، لیکن اس کے باوجود کسانوں نے نائب وزیر اعلی کے گھر جانے والی سڑک پر لگائی گئی رکاوٹیں توڑ دیں اور اندر داخل ہوگئے ۔ اس دوران کسانوں کی پولیس سے جھڑپیں بھی ہوئیں۔ کسانوں نے وہاں نعرے لگاتے ہوئے ملک اور ریاست کے لیڈروں کا پتلا نذر آتش کیا۔ اس دوران بہت سے کسانوں نے ہاتھوں میں کالے جھنڈے اٹھا رکھے تھے ۔