نویں تا بارہویں جماعت کے طلبہ کو اسکول جانے کی اجازت کے بعد کیسوں میں اضافہ
نئی دہلی : ہریانہ کے کرنال میں ایک اسکول کے 54 طلبہ کا کورونا ٹسٹ پازیٹیو پایا گیا۔ عہدیداروں نے کہاکہ ڈسمبر میں نویں تا بارہویں جماعتوں کے طلبہ کو اسکول جانے کی اجازت دی گئی تھی اور 24 فبروری سے تیسری تا پانچویں کلاس کے طلبہ کے لئے بھی اسکول کھول دیئے گئے تھے۔ پیر کے دن کرنال کے ایک اسکول میں 3 طلبہ کورونا وائرس سے متاثر پائے گئے۔ اس کے بعد یہ طلبہ جن ساتھیوں سے ملاقات کی تھی اِن کا بھی ٹسٹ کروایا گیا تو اِن میں کورونا وائرس پازیٹیو پایا گیا۔ اسکول کی ہاسٹل عمارت کو مہربند کردیا گیا ہے اور اِسے کنٹینمنٹ زون قرار دیا گیا۔ 22 فبروری کو احکامات جاری کرتے ہوئے حکومت ہریانہ نے کہا تھا کہ وہ ہر ایک اسکول کو 3 حصوں میں تقسیم کرے گی۔ اگر کوئی طالب علم کوویڈ ۔ 19 پازیٹیو پایا گیا تو اسکول کے اِس حصے کو 10 دن کے لئے بند کردیا جائے گا اور مابقی پورے اسکول کو سنیٹائز کیا جائے گا۔ اگر اسکول میں دوسرے حصے کے طلبہ بھی متاثر پائے جائیں تو پورے اسکول کو 10 دن تک بند کردیا جائے گا۔ حکومت نے اسکولوں کو بند کرتے ہوئے آن لائن کلاسیس جاری رکھنے کی اجازت دی ہے۔ بچوں کو کورونا ویکسین دینے کا پروگرام ابھی شروع نہیں ہوا ہے۔ مرکز نے ابھی تک تاریخ کا اعلان نہیں کیا۔ اب تک صرف ڈاکٹروں اور فرنٹ لائن ورکرس کو ہی کورونا ویکسین دیا جارہا ہے۔ اِس کے علاوہ معمر افراد کو بھی ویکسین دینے کا عمل شروع ہوچکا ہے۔