بھیوانی: صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند نے آج کہا کہ ہریانہ نے ’جئے جوان، جئے کسان‘کی ثقافت کو آگے بڑھایا ہے ۔ صدر جمہوریہ بھیوانی ضلع میں واقع آدرش گاؤں سوئی آئے تھے ، جہاں انہوں نے تقریباً 25 کروڑ روپے کے ترقیاتی کاموں کا افتتاح کیا۔ انہوں نے گاؤں میں شری کشن جندل کے ذریعہ کئے گئے ترقیاتی کاموں ۔ اسکول، جھیل، آٹھ پارکس، گلیوں، سولر پلانٹ کو عوام کیلئے وقف کیا۔اس موقع پر کووندنے کہا کہ ہریانہ ایسی ریاست ہے جہاں ہر خاندان میں ایک کسان اور ایک جوان پایا جاتا ہے ، اس لیے ہریانہ نے جئے جوان، جئے کسان کی ثقافت کو آگے لے جانے کا کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہریانہ کی بیٹیوں نے ملک کا نام روشن کیا ہے۔ کووند نے کہا کہ حال ہی میں انہوں نے اولمپک جیتنے والوں کو ایوارڈ دیا، جس میں 22 فیصد کھلاڑی اکیلے ہریانہ کے تھے۔ انہوں نے اولمپک میڈلسٹ نیرج چوپڑا اور ریسلنگ کھلاڑی سجن سنگھ کا بھی ذکر کیا۔صدر جمہوریہ نے کہا کہ ریاستی حکومت نے 205 خودمتحرک گاؤں بنانے کا فیصلہ کیا ہے جو کہ ایک قابل ستائش قدم ہے ۔ گاؤں سوئی کے شری کشن جندل کے خاندان کا ذکر کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ جو لوگ اپنے گاؤں کی مٹی سے پیار کرتے ہیں وہ اپنے گاؤں کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، اس کی مثال سوئی گاؤں ہے ۔
