ہریانہ کانگریس لیڈر وکاس چودھری کو جِم کے باہر گولی مار دی گئی

   

فریدآباد / نیو دہلی ۔ 27جون ( سیاست ڈاٹ کام ) پولیس کے مطابق ہریانہ کانگریس لیڈر وکاس چودھری کو جو جم میں داخل ہورہے تھے نامعلوم افراد نے گولی مار کر ہلاک کردیا ۔ راہول گاندھی نے قتل کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہاکہ اس ہلاکت سے ریاست ہریانہ کی امن و قانون کی صورتحال کا پتہ چلتا ہے ۔ اے سی پی جئے ویر سنگھ راٹھی کے مطابق چودھری جو ریاست کے کانگریس ترجمان بھی تھے آج سکڑنو علاقہ میں جم میں داخل ہونے کیلئے اپنی کار پارک کررہے تھے دو افراد نے کار کے دونوں جانب سے ان پر 12-15 گولیاں چلادیں جس کے با عث ان کی مقام واردات پر ہی موت واقع ہوگئی ۔ چیخ پکار کی آواز سن کر عوام دوڑ پرے اور ان کو فوری طور پر سروددیا اسپتال میں شریک کردیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے بعد معائنہ مردہ قرار دیا ۔ پولیس کے مطابق تمام واقعہ سی سی ٹی وی کیمرہ میں قید کرلیا گیا اور 12 خالی کارتوس بھی پائے گئے ۔ اس کے علاوہ نامعلوم قاتلین پہلے سے ہی ان سے واقف تھے اور یہ ایک منصوبہ بند حملہ تھا کیونکہ ملزمین ان کی جم کی آمد سے واقف تھے ۔ گولیاں ان کی گردن اور سینہ میں لگیں ۔ بعد پوسٹ مارٹم ان کی نعش ورثاء کے حوالے کردی گئی ۔