ہریانہ کے ضلع میں روہنگیا اور بنگلہ دیشیوں کو نوکری دینے والوں کیخلاف مقدمہ چلے گا

   

پالوال (ہریانہ ) /26 ستمبر (ایجنسیز)فرید آباد سے متصل ہریانہ کے پالوال ضلع میں پولیس نے غیر قانونی طور پر رہائش پذیر غیر ملکی شہریوں، بالخصوص روہنگیا اور بنگلہ دیشی باشندوں کی شناخت کے لیے بڑا آپریشن شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پولیس کے مطابق ایسے افراد کو نوکری دینے والے افراد اور اداروں کے خلاف بھی ایف آئی آر درج کی جائے گی۔پولیس سپرنٹنڈنٹ ورون سنگلا نے تمام تھانہ ایس ایچ اوز اور چوکی انچارجوں کو ہدایت دی ہے کہ بھٹوں، تعمیراتی مقامات، فیکٹریوں، گوداموں اور مزدور بستیوں میں تفتیشی مہم چلائی جائے تاکہ غیر قانونی شہریوں کی شناخت کی جا سکے۔ جن افراد کے پاس بھارت میں رہنے کا قانونی دستاویز نہیں ہوگا انہیں فوراً کارروائی کے بعد ملک بدر کیا جائے گا۔اس مہم کو مؤثر بنانے کے لیے ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر انیل کمار کی نگرانی میں ایک خصوصی سیل بھی بنایا گیا ہے۔ پولیس نے خفیہ ایجنسیوں اور مقامی انتظامیہ کے ساتھ قریبی رابطہ رکھنے کے احکامات دیے ہیں۔ اس دوران بھٹہ مالکان، ٹھیکیداروں اور دیگر لوگوں کو بھی خبردار کیا جائے گا کہ وہ غیر قانونی شہریوں کو نوکری نہ دیں، بصورت دیگر ان کے خلاف بھی مقدمات درج ہوں گے۔پولیس سپرنٹنڈنٹ ورون سنگلا کے مطابق یہ اقدام ملک کی داخلی سلامتی، سماجی توازن اور جرائم پر قابو پانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ روہنگیا اور بنگلہ دیشی زیادہ تر تعمیراتی کام اور کباڑ بیکنگ میں شامل ہیں اور کم اجرت کی وجہ سے ٹھیکیدار انہیں ترجیح دیتے ہیں۔