ریاستی وزیر جنگلات و ماحولیات اندرا کرن ریڈی کی ویڈیو کانفرنس
میدک۔/9جولائی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ریاست تلنگانہ میں جاریہ مانسون موسم میں آغاز ہونے والے ہریتا ہارم پروگرام کو کامیابی کے ساتھ ہمکنار کرنے کیلئے تمام اضلاع کے ہر منڈل میں ایک عہدیدار کو بحیثیت نوڈل آفیسر برائے ہریتا ہارم مقرر کرتے ہوئے انہیں زائد ذمہ داری سونپی جائے۔ مقرر کردہ آفیسرس جنگلاتی عہدیداروں کیساتھ ہمیشہ شراکت میں رہنا ہوگا۔ ریاستی وزیر جنگلات و ماحولیات اے اندرا کرن ریڈی نے اضلاع کے کلکٹروں اور جنگلات کے عہدیداروں کے ساتھ حیدرآباد سے منعقد کردہ ایک ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ مخاطب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ دفتر کلکٹریٹ میدک میں ضلع کلکٹر کے دھرما ریڈی، جوائنٹ کلکٹر ایم ناگیش، ڈسٹرکٹ فارسٹ آفیسر محترمہ پدمجا رانی، ڈی آر ڈی اے سیتا راما راؤ نے راست ویڈیو کانفرنس کی سماعت کی۔ ویڈیو کانفرنس میں وزیر جنگلات کے ہمراہ چیف سکریٹری تلنگانہ حکومت مسٹر شیلندر کمار جوشی آئے ایس بھی شریک تھے۔ انہوں نے کہا کہ مجوزہ ہریتا رام پروگرام 5واں ہوگا۔ اس کے تحت ہر منڈل میں ایک لاکھ پودوں کی افزائش کیلئے نرسریاں قائم کی جاچکی ہیں۔ متعین شدہ نوڈل آفیسروں کو چاہیئے کہ نرسریوں کا معائنہ کرتے رہیں۔ وزیر جنگلات نے کہا کہ لگائے گئے پودوں کو چیویٹا گنگ سے مربوط کیا جائے تاکہ ان کے پھلنے میں آسانی ہوسکے۔ ایس کے جوشی نے کہا کہ محکمہ مال کے عہدیداروں کے ساتھ شراکت کرتے ہوئے محکمہ جنگلات کے عہدیداروں کو چاہیئے کہ جنگلاتی اراضیات کا سروے کرواکر پوری اراضیات کی بہتر طور پر نشاندہی کریں۔ یہ کام جاریہ ماہ کے اختتام تک مکمل ہوجانا چاہیئے۔
