ہریتا ہارم کے اہداف کو تیزی سے مکمل کرنے کی ہدایت

   

شجرکاری کیلئے بہتر منصوبہ بندی ضروری، ضلع کلکٹر شیخ یاسمین باشاہ کا جائزہ اجلاس سے خطاب

جگتیال۔/7 جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)نویں مرحلے کے ہریتا ہارم پروگرام کے تحت ضلع کلکٹر محترمہ شیخ یاسمین باشا نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ طئے شدہ اہداف کو بہترین منصوبہ بندی کے ساتھ تیزی سے مکمل کریں۔انھوں نے ایڈیشنل کلکٹر منڈا مکرندو کے ساتھ مربوط ضلعی دفاتر کی عمارت میں کھیلوں کے میدان، شمشان گھاٹ،میجر ولیج نیچرل پارک، جنگلات کی آمدنی وغیرہ کے مسائل پر متعلقہ عہدیداروں کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس کا انعقاد عمل میں لایا۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر نے ہدایت دی کہ سماجی جنگلات کو دیہات کے حدود کے ابتداء اور آخر میں شجر کاری کی جائے۔انھوں نے کہا کہ کامیابی کے ساتھ 8 مراحل کی تکمیل کی گئی اور نویں ہریتا ہارم پروگرام کا آغاز کیا جارہا ہے۔ضلع کلکٹر نے ہدایت دی کہ سڑکوں کے دونوں جانب شجرکاری 3 قطاروں میں کی جائے اور گرام پنچایتوں کا جائزہ لیا جائے۔ ضلع کلکٹر نے کہا کہ اگر سڑکوں کے دونوں جانب لگوائے گئے پودے 2 فٹ سے کم نہ ہوں ورنہ پودوں کو زندہ رہنے کا موقع نہیں ملے گا۔ تمام ایم پی ڈی اوز کو ہدایت دی گئی کہ وہ گرام پنچایتوں کو جاکر پودے لگوانے کے طریقہ کار کے بارے میں منصوبہ بنائیں۔ ایم پی ڈی اوز کو ہدایت دی کہ وہ ہریتا ہارم کے تحت دیئے گئے اہداف کو پابندی کے ساتھ مکمل کریں۔ضلع کلکٹر یاسمین باشا نے کہا کہ ایم پی ڈی اوز، ایم پی او اور سرپنچ کی زیرنگرانی شجر کاری کریں۔ ایک ہی وقت میں ملٹی پلانٹیشن کرنے سے نقل و حمل کا خرچ بچ جائے گا جس کے لئے بیج تیار کرنے کی انھوں نے تاکید کی۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت کی کہ وہ ان تمام کاموں کی ساتھ ساتھ ہی باقاعدگی سے رپورٹ پیش کرتے رہیں۔اس پروگرام میں ڈسٹرکٹ رورل ڈیولپمنٹ آفیسر نریش، ضلع پنچایت آفیسر دیوا راجو، ڈسٹرکٹ فارسٹ آفیسر و ینکٹیشور راؤ، محکمہ جات آبپاشی ، بجلی کے افسران، ایم پی ڈی اوز، ایم پی پیزاور دیگر عہدیداروں نے حصہ لیا۔