شاتا واہانا یونیورسٹی میں شجرکاری پروگرام ، مئیر بلدیہ ، کمشنر ، یونیورسٹی رجسٹرار و دیگر کی شرکت
کریم نگر۔ ہریتاہارم کے تحت پودے لگانے اور انکی حفاظت و نگہداشت کیلئے خصوصی اقدامات کی ضلع کلکٹر کریم نگر ششانکا کی ہدایت۔ حکومت تلنگانہ کے باوقار پروگرام ہریتا ہارم کے تحت بروز منگل 17 ویں ڈیویڑن کے احاطہ میں موجود شاتاواہا نہ یونیورسٹی میں شجرکاری پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ مونسپل کارپوریشن کے زیر قیادت منعقد کئے گئے اس پروگرام میں مئیر سنیل راؤ ، کمشنر کرانتی ، یونیورسٹی رجسٹرار بھرت کے ہمراہ ضلع کلکٹر ششانکا نے شرکت کی ۔ بعد ازاں یونیورسٹی احاطہ میں تین ایکر کھلی جگہ میں 3 ہزار پودوں کو لگوانے کیلئے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مونسپل کارپوریشن ہریتاہارم عملہ کو شجرکاری کے طریقہ کار کے متعلقہ تجاویزات پیش کیں۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ریاست تلنگانہ میں ماحول کے توازن کی برقراری کیلئے متعارف کئے گئے پروگرام ہریتاہارم کا ضلع کریمنگر میں پچھلے دو ہفتوں سے جوش وخروش کے ساتھ انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے ۔ شہر میں اہم شاہراہوں کے دونوں جانب ، کھلے مقامات پر شجرکاری کی جارہی ہے۔ سرکاری میدانوں میں ، سرکاری دفاتر میں اراضیات کی نشاندہی کرتے ہوئے میاواکی طریقہ کار سے شجرکاری کی جارہی ہے۔ شہر کے ہر گھر میں چھ پودوں کی تقسیم کی جارہی ہے۔ شہر میں بڑے پیمانے پر پودے لگواتے ہوئے انکی نگہبانی کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ وزیر اعلی کے سی آر کے جاری کردہ ہدایات کے مطابق شاہراہوں کے دونوں جانب شجرکاری کیلئے 2میٹر اونچائی والے پودوں کا انتخاب کیا جارہا ہے۔ مونسپل کارپوریشن کے نرسری میں موجود پودوں کے علاوہ مزید پودوں کی خریدی کی جارہی ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ شہر کو سرسبز و شاداب بنانے کیلئے ہر گھر میں پودے لگائے جائیں اور انکی نگہداشت کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ وافر مقدار میں بارش ، آلودگی سے بچاؤ ، آئندہ نسلوں کیلئے بہتر ماحول کی فراہمی کے مقصد کی تکمیل کیلئے عوام سے پودے لگانے کی اپیل کی۔ ضلع کلکٹر نے عوام سے اپنی ذمہ داری کو نبھاتے ہوئے چھٹویں ہریتاہارم پروگرام میں شرکت کرنیاور اسے کامیابی سے ہمکنار کرنے کی خواہش کی ۔ ضلع کلکٹر نے ہریتاہارم پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے فرض شناسی کے ساتھ خدمات انجام دے رہے مئیر ، کمشنر ، کارپوریٹر ، عملہ مونسپل کارپوریشن کی ستائش کرتے ہوئے مسرت کا اظہار کیا۔
