نئی دہلی: ہریدوار میں دھرم سنسد میں نفرت انگیز تقریر کا معاملہ سپریم کورٹ پہنچ گیا ہے۔ اس معاملے میں سپریم کورٹ نے بھی جلد سماعت کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ چیف جسٹس این وی رمنا نے کہا کہ ہم اس معاملے کی سماعت کریں گے۔ اس معاملے کے بارے میں، سپریم کورٹ میں سینئر وکیل کپل سبل نے کہا، ‘ہم نے ہریدوار میں دھرم سنسد میں ہونے والے واقعات پر مفاد عامہ کی عرضی دائر کی ہے۔ ملک کا نعرہ ستیہ میو جیتے سے سشسترمیو جیتے میں بدل گیا ہے۔سی جے آئی نے کہا کہ عدالت اس کا جائزہ لے گی۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا اس معاملے کی تحقیقات پہلے ہی ہو چکی ہیں؟ اس پر سبل نے کہا کہ معاملے میں صرف ایف آئی آر درج کی گئی ہے، کوئی کارروائی نہیں ہوئی، کوئی گرفتاری نہیں ہوئی۔ آخر میں سی جے آئی نے کہا کہ وہ اس معاملے کی سماعت کریں گے۔