ہریش راؤ اور سنتوش کمار کی وجہ سے کے سی آر پر بدعنوانیوں کے الزامات: کویتا

   

امریکہ سے واپسی کے فوری بعد پریس کانفرنس کے ذریعہ انکشافات، بی آر ایس حلقوں میں موضوع بحث
حیدرآباد ۔ یکم اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ جاگرتی کے صدر و ایم ایل سی کے کویتا نے کالیشورم پراجکٹ کی سی بی آئی تحقیقات کرانے ریاستی حکومت کے فیصلہ پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرے والد اور بی آر ایس کے سربراہ کے سی آر پر بدعنوانیوں کا جو الزام لگا ہے اس کیلئے بی آر ایس کے قائدین ہریش راؤ ، سنتوش راؤ کے علاوہ کنٹراکٹر میگھا کرشنا ریڈی ذمہ دار ہے۔ امریکہ سے واپسی کے بعد شام میں تلنگانہ جاگرتی بھون میںکویتا نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی قائدین کے خلاف سنگین الزامات عائد کیا جس کے بعد سیاسی حلقوں میں ہلچل پیدا ہوگئی۔ کویتا نے کہا کہ کے سی آر نے تلنگانہ کے عوام کے لئے اور پانی کیلئے کوشش کی لیکن ہریش راؤ اور سنتوش راؤ اپنے ذاتی مفادات کو ترجیح دیتے ہوئے پیسوں کو ترجیح دی جس کی وجہ سے تلنگانہ تحریک کا حصہ نہ ہونے والے ریونت ریڈی نے کے سی آر کے خلاف سی بی آئی تحقیقات کرانے کا اعلان کیا ہے۔ کویتا نے کہا کہ ہریش راؤ اور سنتوش راؤ نے ان کے خلاف کئی سازشیں کیں جس کو انہوں نے برداشت کیا لیکن کبھی میں نے کسی بھی معاملہ میں ان کا نام نہیں لیا لیکن آج میرے والد کے خلاف جن کا 40 سالہ سیاسی کیریئر ہے، اس کو دھبہ لگانے کی کوششش کی ہے جس پر وہ خاموش نہیں رہ سکیں۔ کویتا نے کہا کہ میرے والد نے میری شادی کیلئے پیسوں کی جدوجہد کی تھی۔ انہوں نے کبھی بھی دولت اور جائیداد کو اہمیت نہیں دی۔ ایسی شخصیت کے خلاف سی بی آئی انکوائری کرانا مضحکہ خیز ہے۔ پڑوسی ریاست کے ایجنڈہ پر کام کرنے والے ریونت ریڈی کل صبح سے رات دیر گئے تک کے سی آر کے خلاف جس لب و لہجہ کا اختیار کیا ہے، اس سے میں بہت زیادہ افسردہ ہوں۔ صرف سیاسی فائدہ کیلئے کے سی آر کے خلاف جھوٹے الزامات عائد کرتے ہوئے سی بی آئی تحقیقات کرائی جارہی ہے ۔ کویتا نے اور ایک سنسنی خیز الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ہریش راؤ اور سنتوش راؤ کے پیچھے ریونت ریڈی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اے سی بی نے کالیشورم پراجکٹ میں کام کرنے والے تینوں انجنیئرس کے گھروں پر دھاوے کئے تو سینکڑوں کروڑ روپئے کی جائیدادیں ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ اس کے پیچھے کون ہے کانگریس حکومت اس کی بھی تحقیقات کریں۔ انہوں نے کہا کہ میرے اس الزامات سے بی آر ایس کیڈر کو ضرور تکلیف ہوگی لیکن وہ حقائق کا پردہ فاش کرتے ہوئے کے سی آر کو بے گناہ ثابت کرنے کی کوشش کر رہی ہوں۔ مجھے یقین ہے کہ آج شام سے ہی مجھے میڈیا اور سوشل میڈیا میں تنقید کا نشانہ بنایا جائے گا ، اس سے میں ڈرنے گھبرانے والی نہیں ہوں۔ انہوں نے ان کے خلاف سوشیل میڈیا میں نازیبا ریمارکس کرنے والوں کی چمڑی ادھیڑ دینے کی دھمکی دی۔ کویتا نے کہا کہ پارٹی کو نقصان سے بچانے کیلئے انہوں نے ابھی تک ہریش راؤ اور سنتوش راؤ کا نام نہیں لیا تھا لیکن اب بولنا ضروری ہوگیا تھا۔ کانگریس حکومت کے پاس ہمت ہے تو وہ ہریش راؤ اور سنتوش راؤ کے خلاف کارروائی کریں۔ کے سی آر کی کوئی غلطی نہیں ہے ، تحقیقات کی بھی جاتی ہے تو وہ بے قصور ثابت ہوں گے۔2