ہریش راؤ اور محمود علی کا دورہ شولا پور ، درگاہ شریف اور مندر میں خصوصی دعا

   

حیدرآباد۔/30 اگسٹ، ( سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ بی آر ایس کے 9 سالہ دور حکومت میں اقلیتوں کی فلاح و بہبود پر 9163 کروڑ روپئے خرچ کئے گئے۔ وزیر داخلہ آج مہاراشٹرا کے شولا پور میں اقلیتوں کے مختلف پروگراموں سے خطاب کررہے تھے۔ ریاستی وزراء محمد محمود علی اور ہریش راؤ ہیلی کاپٹر کے ذریعہ شولا پور پہنچے جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ مقامی قائدین نے بی آر ایس میں شمولیت اختیار کی۔ وزیر داخلہ نے شولا پور میں واقع درگاہ شریف پر حاضری دی اور تلنگانہ کی ترقی، امن وامان، عوام کی خوشحالی، کے سی آر خاندان کی صحت اور درازی عمر کیلئے دعا کی۔ ہریش راؤ نے مندر میں خصوصی پوجا کی۔ محمود علی نے اقلیتوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کے سی آر حکومت حقیقی معنوں میں سیکولر ہے جس کے تحت تمام طبقات کی یکساں ترقی کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی طرح اقامتی اسکولس اور کالجس، غریبوں کی شادی کیلئے شادی مبارک اسکیم اور بیرون ملک تعلیم کیلئے اسکالرشپ جیسی اسکیمات تلنگانہ کے علاوہ کسی اور ریاست میں نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں 10 ہزار اقلیتوں کو ایک لاکھ روپئے کی امداد دی گئی۔ دوسرے مرحلہ میں مزید 10 لاکھ افراد کی مدد کی جائے گی۔ انہوں نے تلنگانہ کی اسکیمات کا ذکر کرتے ہوئے مہاراشٹرا کے اقلیتوں سے بی آر ایس سے وابستہ ہونے کی اپیل کی۔