گوشہ محل کے ہاسپٹل کے مسئلہ پر نمائندگی، بی جے پی میں برقرار رہنے کا اعلان
حیدرآباد ۔14۔ جولائی (سیاست نیوز) بی جے پی سے معطل کردہ رکن اسمبلی راجہ سنگھ نے وزیر فینانس ہریش راؤ سے آج صبح ان کی قیامگاہ پر ملاقات کی۔ راجہ سنگھ کی ملاقات کے ساتھ ہی سوشیل میڈیا میں مختلف اطلاعات گشت کرنے لگیں اور افواہوں کا بازار گرم ہوگیا۔ راجہ سنگھ نے اپنے اسمبلی حلقہ گوشہ محل کے مسائل پر نمائندگی کیلئے ہریش راؤ سے ملاقات کی تھی لیکن راجہ سنگھ کی بی آر ایس میں شمولیت کے بارے میں افواہیں گشت کرنے لگیں۔ بتایا جاتا ہے کہ گوشہ محل میں واقع سرکاری ہاسپٹل کو اپ گریڈ کرنے اور اسے 30 یا 50 بستروں کے ہاسپٹل میں تبدیل کرنے کی ہریش راؤ سے درخواست کی گئی ۔ راجہ سنگھ نے کہا کہ وہ اس مسئلہ پر رکن اسمبلی کی حیثیت سے مسلسل نمائندگی کر رہے ہیں اور سابق میں دو وزرائے صحت سے نمائندگی کرچکے ہیں۔ ہریش راؤ تیسرے وزیر صحت ہیں جن سے ہاسپٹل کی ترقی کی نمائندگی کی گئی۔ راجہ سنگھ نے کہا کہ وہ بی جے پی میں ہی برقرار رہیں گے ۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر بی جے پی معطلی نہ کریں تو وہ سیاست سے کنارہ کش ہوسکتے ہیں لیکن پارٹی تبدیل نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی میں رہتے ہوئے وہ ہندو راشٹر کی تشکیل کی جدوجہد کریں گے ۔ آج صبح ہریش راؤ کی قیامگاہ سے باہر نکلتے ہوئے راجہ سنگھ کا ویڈیو جیسے ہی وائرل ہوا سوشیل میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا میں قیاس آرائیوں کا بازار گرم ہوگیا ۔ راجہ سنگھ کو گزشتہ سال 22 اگست کو مسلمانوں راور اسلام کے خلاف زہرافشانی پر بی جے پی نے معطل کردیا تھا ۔ راجہ سنگھ کی جانب سے وضاحت کے باوجود ان کی معطلی ختم نہیں کی گئی۔ پولیس 23 اگست کو انہیں گرفتار کرچکی تھی لیکن اسی دن عدالت نے ضمانت منطور کردی۔ 25 اگست کو پی ڈی ایکٹ کے تحت راجہ سنگھ کو جیل بھیج دیا گیا تاہم عدالت کے حکم پر رہائی عمل میں آئی تھی۔ بی جے پی کے سابقہ صدر بنڈی سنجے نے راجہ سنگھ کی معطلی برخواست کرنے کیلئے پارٹی ہائی کمان سے پر زور نمائندگی کی لیکن کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوا۔ر