ہریش راؤ نے اریٹی ہاسپٹلس کا افتتاح کیا

   

قابل ڈاکٹرس و عصری انفرااسٹرکچر ، 30 فیصد رعایت کا اعلان
حیدرآباد۔/24 ستمبر، ( سیاست نیوز) وزیر صحت ہریش راؤ نے آج گچی باؤلی میں عصری سہولتوں و بہتر انفرااسٹرکچر کے ساتھ قائم ملٹی سوپر اسپیشالیٹی اریٹی Arete ہاسپٹلس کا افتتاح کیا۔ ہاسپٹل صدرنشین ڈاکٹر ٹی وجیندر ریڈی، ایم ڈی
جی واسو، ایگزیکیٹو ڈائرکٹر کے پربھاکر راجو اور ڈائرکٹر ڈاکٹر وی سریکانت موجود تھے۔ وزیر صحت نے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور بہتر سہولتوں کی ستائش کی۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے ہریش راؤ نے اریٹی ہاسپٹل انتظامیہ سے اپیل کی کہ غریب اور متوسط طبقات کیلئے کم شرح پر بہتر علاج کی سہولتیں فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ غریب اور متوسط طبقات کو رعایتی شرح پر بہتر علاج کی فراہمی انسانیت کی خدمت ہوگی۔ ہریش راؤ نے کہا کہ حیدرآباد عالمی سطح پر گلوبل میڈیکل ہب میں تبدیل ہورہا ہے۔ حیدرآباد آئی ٹی ، فارما اور ویکسین کے شعبوں میں عالمی مرکز کی حیثیت سے شناخت بناچکا ہے۔ حیدرآباد میں کارپوریٹ ہاسپٹلس کے قیام کے نتیجہ میں نہ صرف دیگر ریاستوں بلکہ دیگر ممالک کے مریض علاج کیلئے رجوع ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اریٹی ہاسپٹلس میں قابل ڈاکٹرس کے ساتھ بہتر انفرااسٹرکچر سہولتیں ہیں۔ ہریش راؤ نے کہا کہ حکومت سرکاری دواخانوں میں کارپوریٹ علاج کی سہولتیں فراہم کرنے اقدامات کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کے خانگی دواخانوں میں دوسری ریاستوں اور دیگر ممالک کے مریضوںکی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ حیدرآباد نے ہر شعبہ میں نمایاں ترقی کی ہے اور بہتر لاء اینڈ آرڈر کے سبب ترقی ممکن ہوسکی۔ انہوں نے کہاکہ حیدرآباد میں قابل ٹیکنیشنس، نرسنگ اسٹاف اور میڈیکل اسٹاف کی دستیابی کے سبب خانگی ہاسپٹلس کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ ہاسپٹل کے صدرنشین ڈاکٹر ٹی وجیندر ریڈی نے کہا کہ دیگر کارپوریٹ ہاسپٹلس کے مقابلہ بلز میں 30 فیصد کی رعایت رہے گی۔