ہریش راؤ نے سدی پیٹ میں ایس بی آئی ریجنل بزنس آفس کا افتتاح کیا

   

غریبوں کے لیے ایس بی آئی کی خدمات کی ستائش
حیدرآباد: وزیر فینانس ای ہریش راؤ نے سدی پیٹ میں اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے نئے ریجنل بزنس آفس کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر ایس بی آئی لوکل ہیڈ آفس حیدرآ باد کے ڈپٹی مینجنگ ڈائرکٹر اوم پرکاش مشرا اور رکن پارلیمنٹ میدک کے پربھاکر ریڈی موجود تھے۔ تقریب میں کلکٹر سدی پیٹ وینکٹ رام ریڈی ، کمشنر پولیس سدی پیٹ جوویل ڈیوس ، صدرنشین سدی پیٹ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی ایم رویندر ریڈی ، میونسپل کمشنر رمنا چاری ، ضلع پریشد چیرمین روجا شرما اور بینک کے دیگر عہدیدار موجود تھے۔ اوم پرکاش مشرا نے اپنے خطاب میں وزیر فینانس ہریش راؤ سے اظہار تشکر کیا جنہوں نے بینک کیلئے ایک ایکر اراضی مختص کی ہے۔ جون 2019 ء میں ہریش راؤ کی موجودگی میں سنگ بنیاد رکھا گیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ بزنس آفس کے قیام کے سے ضلع میں تجارتی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ سدی پیٹ اور میدک ضلع کی تمام برانچس کی کارکردگی کی نگرانی بزنس آفس کے ذریعہ کی جائے گی ۔ وزیر فینانس ہریش راؤ نے امید ظاہر کی کہ نئے آفس کے قیام سے عوام کیلئے سہولتوں میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ایس بی آئی پر کافی بھروسہ ہے۔ انہوں نے غریبوں اور ضرورت مند افراد کیلئے مختلف بچت اسکیمات متعارف کرنے پر بینک کی ستائش کی ۔ انہوں نے بینک کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ۔ ہریش راؤ نے آکسیجن کنسنٹریٹرس اور طبی آلات کا عطیہ دینے پر ایس بی آئی عہدیداروں سے اظہار تشکر کیا۔