عوام کو سروے ٹیموں سے تعاون کرنے علامتیں ہو تو آئسولیشن کٹس سے استفادہ کرنے کا مشورہ
حیدرآباد ۔ 22 جنوری (سیاست نیوز) ریاستی وزیرصحت ٹی ہریش راؤ نے سدی پیٹ کے وارڈ نمبر 37 میں جاری فیور سروے میں حصہ لیا۔ بخار، کھانسی اور سردی جیسی علامتیں رکھنے والے عوام کو ہوم آئسولیشن کٹس سے فوری استفادہ کرنے فیور سروے کرنے والی ٹیموں سے مکمل تعاون کرنے کا مشورہ دیا۔ ہریش راؤ نے کہا کہ کوروناوائرس کی علامتوں سے عوام کو ڈرنے گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ کورونا پر قابو پانے کیلئے حکومت کی جانب سے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ فیور سروے اسی کا ایک حصہ ہے۔ گھر گھر دورہ کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کورونا ٹیکہ لینے کے معاملے میں عوام سے راست بات چیت کی، ٹیکہ نہیں لیا ہے تو فوری لینے کا مشورہ دیا۔ پہلا ڈوز لیا ہے تو دوسرا ڈوز لینے 60 سال مکمل کرنے والے عوام کو بوسٹر ڈوز لینے کے علاوہ 15 تا 18 سال کے بچوں کو پابندی سے ٹیکہ دلانے پر زور دیا۔ ساتھ ہی کوویڈ۔19 کے رہنمایانہ اصول پر سختی سے عمل کرتے ہوئے لازمی طور پر ماسک لگانے، سماجی دوری برقرار رکھنے، پابندی سے سینی ٹائزر کا استعمال کرنے ہجوم والے مقامات کو نا جانے کا بھی مشورہ دیا۔ وزیرصحت نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر کی ہدایت پر کورونا کے دو کروڑ ٹسٹنگ کٹس اور ایک کروڑ ہوم آئسولیشن کٹس تیار رکھے گئے ہیں۔ کل سے ریاست میں فیور سروے شروع ہوچکا ہے۔ 400 سے زائد ٹیمیں گھر گھر پہنچ کر سروے کررہی ہیں۔ علامتیں رکھنے والوں کو آئسولیشن کٹس فراہم کررہے ہیں۔ تلنگانہ حکومت کسی بھی ناگہانی صورتحال کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہے۔ ریاست کے تمام سرکاری ہاسپٹلس میں 27 ہزار بیڈس کو آکسیجن کی سہولت سے مربوط کردیا گیا ہے۔ ہاسپٹلس میں تمام بنیادی سہولتیں دستیاب ہیں۔ن