سدی پیٹ سے تعلق رکھنے والے غریب خاندان میں مسرت کی لہر
حیدرآباد۔ 7 ڈسمبر (سیاست نیوز) سابق وزیر فینانس اور بی آر ایس لیڈر ہریش راؤ نے غریب خاندان کی لڑکی کو ایم بی بی ایس کی تعلیم کی تکمیل تک فیس ادا کرنے کا فیصلہ کیا۔ ایم بی بی ایس میں داخلہ ملنے کے باوجود سدی پیٹ ٹاؤن سے تعلق رکھنے والی غریب خاندان کی لڑکی فیس کی ادائیگی کے موقف میں نہیں تھی۔ اس بارے میں اطلاع ملتے ہی ہریش راؤ نے لڑکی شریجا اور والد سرینواس سے ملاقات کرتے ہوئے ایم بی بی ایس کی تکمیل تک مکمل فیس ادا کرنے کا تیقن دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ پی سرینواس محنت مزدوری کے ذریعہ اپنے خاندان کی کفالت کررہے ہیں۔ سرینواس کی دختر شریجا نے پانچویں جماعت تا انٹرمیڈیٹ مٹ پلی کے گورنمنٹ اقامتی اسکول و جونیر کالج میں تعلیم حاصل کی۔ ڈاکٹر بننے کی خواہش کے تحت شریجا نے نیٹ امتحان لکھا اور اسے رینک حاصل ہوا۔ بتایا جاتا ہیکہ والد سرینواس اس موقف میں نہیں ہیں کہ سالانہ فیس کا انتظام کریں اور تعلیم سے متعلق دیگر اخراجات کی تکمیل کریں۔ سرینواس نے سابق وزیر ہریش راؤ کو خاندان کی مالی دشواریوں اور شریجا کے ڈاکٹر بننے کی خواہش سے واقف کرایا۔ ہریش راؤ نے فرسٹ ایئر کی فیس کے طور پر 60 ہزار روپے حوالے کئے اور کورس کی تکمیل تک فیس ادا کرنے کا بھروسہ دلایا۔ سرینواس اور شریجا نے ہریش راؤ کے جذبہ انسانی ہمدردی کی ستائش کی اور بروقت مدد کرنے پر اظہار تشکر کیا۔ 1