ہریش راؤ نے ماسک کے بغیر موجود افراد کو ماسک حوالے کیا

   

آئندہ 6 ہفتوں تک کوویڈ قواعد پر عمل آوری کی تلقین،تقاریب کے اہتمام سے گریز کا مشورہ

حیدرآباد۔/9جنوری، ( سیاست نیوز) وزیر صحت ہریش راؤ نے کورونا کے نئے ویرینٹ اومی کرون سے بچاؤ کیلئے عوام میں ماسک کے استعمال سے متعلق شعور بیداری کا شخصی طور پر مظاہرہ کرتے ہوئے دوسروں کو ترغیب دی ہے۔ ہریش راؤ نے آج چیتنیہ پوری علاقہ میں ایک خانگی ہاسپٹل کا افتتاح کرنے کیلئے پہنچے۔ وہ جیسے ہی کار سے نیچے اُترے انہوں نے ماسک کے بغیر موجود افراد کو دیکھا اور ان کے قریب پہنچ کر انہیں ماسک حوالے کیا اور کورونا سے بچاؤ کیلئے ماسک کے استعمال کی ترغیب دی۔ ہریش راؤ نے ہاسپٹل میں موجود بعض خواتین کو بھی ماسک حوالے کیا۔ انہوں نے ایک خاتون کو ماسک حوالے کرتے ہوئے کہا کہ اماں ماسک کا استعمال لازمی ہے، یہ لیجئے ماسک لگا لیجئے، خاتون نے کہا کہ میں نے ابھی ماسک نکالا ہے۔ جس پر ہریش راؤ نے کہا کہ ماسک نکالنا نہیں چاہیئے اور اسے لازمی طور پر لگایا جائے۔ ماسک کا استعمال کورونا سے بچاؤ کیلئے ضروری ہے جس میں کوئی کوتاہی نہیں کی جاسکتی۔ آپ اور آپ کے خاندان کو صحتمند اور خوشحال رکھنے کیلئے ماسک کا لازمی طور پر استعمال کریں۔ یہ کہتے ہوئے ہریش راؤ نے وہاں موجود خواتین اور دوسروں کو اپنے پاس موجود ماسک تقسیم کئے۔ انہوں نے وہاں موجود افراد کو ترغیب دی کہ وہ ماسک کے بغیر باہر نہ نکلیں۔ انہوں نے کورونا ویکسین کے دونوں خوراک حاصل کرنے کے بارے میں سوال کیا۔ ہریش راؤ نے بتایا کہ کل سے 60 سال سے زائد عمر کے افراد کیلئے بوسٹر ڈوز کے طور پر ویکسین کی تیسری خوراک دینے کا آغاز ہوگا۔ عوام نے وزیر صحت کی جانب سے کورونا سے بچاؤ کے سلسلہ میں شخصی طور پر شعور بیداری پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اظہار تشکر کیا۔ ہریش راؤ نے کہا کہ آئندہ چار تا چھ ہفتوں کیلئے کوویڈ قواعد پر سختی سے عمل آوری کی ضرورت ہے۔ ماسک اور سماجی فاصلہ کے علاوہ گھر میں مناسب وینٹی لیشن کا اہتمام کیا جائے اور تقاریب کے اہتمام سے گریز کیا جائے تاکہ عوام کو جمع ہونے سے روکا جاسکے۔ر