ہریش راؤ نے چبوترے پر بیٹھ کر دیہاتیوں کے مسائل کی سماعت کی

   

پنشن ، کسان بندھو، مکمل قرض کی عدم معافی ، برقی کی سربراہی میں خلل پر عوام نے ناراضگی ظاہر کی
حیدرآباد : 16 جنوری ( سیاست نیوز) بی آر ایس رکن اسمبلی و سابق وزیر ٹی ہریش راؤ نے سدی پیٹ منڈل کے ماچاپور گاؤں کا دورہ کیا اور دیہاتیوں سے ملاقات کی اور چبوترے پر بیٹھ کر ان کا حال چال دریافت کیا ،جس پر دیہاتیوں نے کانگریس حکومت پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا ۔ کانگریس حکومت کے دو سال مکمل ہونے کے باوجود ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا گیا ۔ دیہاتیو ں نے کہا کہ سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے دور میں فلاحی اسکیمات بہتر طریقہ سے چل رہی تھی، مگر ریونت ریڈی چیف منسٹر بننے کے بعد حالات بدل گئے ۔ وظیفوں میں اضافہ ، کسان بندھو ، قرض معافی اور برقی کی بلا تعطل فراہمی جیسے وعدے پورے نہیں ہوئے ۔ گاؤں والوں نے شکایت کی کہ ریونت ریڈی نے پنشن 4 ہزار روپئے کرنے کا وعدہ کیا تھا ، دو سال میں کوئی اضافہ نہیں ہوا ۔ بی آر ایس حکومت سے ملنے والی 2 ہزار کی پنشن بھی باقاعدگی سے نہیں مل رہی ہے ۔نئے پنشن منظور نہیں ہوئے ، بیواؤں اور معمرین کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ برقی کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے دیہاتیوں نے بتایا کہ کے سی آر دور میں 24 گھنٹے بلاوقفہ برقی دستیاب تھی ۔ اب برقی کی سربراہی میں کٹوتی ہورہی ہے جس کے باعث کسانوں کو رات میں کنوؤں پر جانا پڑتا ہے ۔ کھاد کیلئے لمبی قطاروں میں انتظار کرنا پڑرہا ہے ۔ گاؤں والوں کی بات سننے کے بعد ہریش راؤ نے انہیں یقین دلایا کہ وہ ان کے مسائل کو اسمبلی میں اٹھائیں گے اور حکومت کی ناکامیوں کو بے نقاب کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ ماچاپور میں بورویل ٹنڈرس اسی ماہ مکمل ہونگے اور اندرون ایک ماہ کام شروع ہوجائے گا ۔ انہوں نے کلکٹر سے بھی بات کی ۔2