ہاسپٹل میں علاج اور سہولتوں کے بارے میں معلومات کا حصول ، ڈاکٹرس کی ستائش
حیدرآباد :۔ ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے سدی پیٹ گورنمنٹ میڈیکل کالج کے ہاسپٹل میں زیر علاج کورونا کے متاثرین سے ملاقات کی اور انہیں حوصلہ دیا کہ وہ بہت جلد ٹھیک ہوجائیں گے ۔ انہیں ڈرنے گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ ہمت و حوصلہ سے علاج کرانے کی ضرورت ہے ۔ ہریش راؤ نے پی پی ای کٹس پہنے بغیر کورونا مریضوں کے وارڈس میں پہونچے اور ان سے دریافت کیا کہ آپ کا علاج کیسے ہورہا ہے۔ کیا کسی چیز کی کوئی شکایت ہے ۔ ڈاکٹرس اور طبی عملہ ان کی اچھی طرح سے دیکھ بھال کررہا ہے یا نہیں ۔ انہیں وقت پر کھانا دیا جارہا ہے یا نہیں ۔ ہاسپٹل میں ان کے لیے سہولتیں کیسی ہیں ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ وہ ان کی خدمات کے لیے موجود ہے ۔ انہیں پریشان ہونے کی بھی ضرورت نہیں ہے ۔ وزیر ہریش راؤ نے ڈاکٹرس اور طبی عملہ سے بھی ملاقات کی ۔ کورونا کے مریضوں کے علاج کے بارے میں معلومات حاصل کی ۔ ہاسپٹل میں آکسیجن ، ادویات اور دوسری بنیادی سہولتیں دستیاب رکھنے کا مشورہ دیا ۔ ڈاکٹرس اور طبی عملہ کی بھی ستائش کی جنہوں نے اپنی زندگیوں کو خطرہ میں ہونے کے باوجود کورونا مریضوں کی زندگی بچانے کے لیے دن رات کام کررہے ہیں ۔۔