ظہیر آباد۔ 4 اگسٹ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) بی آر ایس کے سرکردہ قائدین کشن پوار ڈی سی سی بی ڈائرکٹر ، نرسمہا ریڈی صدر بی آر ایس نیالکل منڈل، موہن ریڈی رکن مگڑم پلی منڈل پریشد ، سابق رکن بلدیہ ناما روی کرن اور دوسروں نے یہاں ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ظہیرآباد منڈل کے برطرف کردہ بی آر ایس صدر و ٹریڈ یونین لیڈر ایم جی راملو کی جانب سے ریاستی وزیر خزانہ و صحت ٹی ہرہش راؤ پر لگائے گئے الزامات کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیا اور سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایم جی راملو کی سیاسی شہرت میں ان کی ذاتی قابلیت کا کوئی عمل دخل نہیں ہے بلکہ یہ صرف ان کی پارٹی سے وابستگی کا نتیجہ ہے کہ ان پر اعتماد کرتے ہوئے نہ صرف انہیں تنظیمی عہدہ کی عظیم ذمہ داری سونپی گئی بلکہ انہیں ٹریڈ یونین لیڈر بنانے میں بھی معاونت کی گئی لیکن افسوس کہ وہ اس پر کھرے اترنے میں ناکام رہے۔ انہوں نے ذاتی مفادات کی تکمیل کے لئے پارٹی اصولوں کو نظر انداز کردیا۔ یہی وجہ ہے کہ پارٹی نے انہیں برطرف کردیا ۔ ان قائدین نے دوٹوک کہا کہ ایم جی راملو کو یہ زیب نہیں دیتا کہ وہ اپنی برطرفی کے بعد بھی ٹی ہریش رائے پر کسی قسم کی بہتان تراشی کریں ۔ وہ ایک ایسے قائد ہیں جنہوں نے خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے حلقہ اسمبلی ظہیرآباد کی ہمہ جہتی ترقی کے لئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں ۔ اس موقع پر مذکورہ قائدین کے علاوہ گوردھن ریڈی ، نارائن ریڈی، محمد یعقوب ، محمد افسر، محمد ساجد، دیوی داس اور دوسرے پریس کانفرنس میں موجود تھے ۔