ہریش راؤ پر کے سی آر کا اعتماد ، میدک میں الیکشن کی مکمل ذمہ داری

   

رکن اسمبلی ہنمنت راؤ کی دھمکی بے اثر ، پدما دیویندر ریڈی کو کامیاب بنانے عوام سے اپیل
حیدرآباد ۔24۔ اگست (سیاست نیوز) وزیر فینانس ہریش راؤ کے خلاف بی آر ایس رکن اسمبلی ایم ہنمنت راؤ کے بیان کے بعد چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ہریش راؤ کو ضلع میدک کا انچارج مقرر کرتے ہوئے ذمہ داریوں میں اضافہ کردیا ہے ۔ میدک ضلع کے دورہ کے موقع پر چیف منسٹر کے سی آر نے نہ صرف ہریش راؤ کی تائید کی بلکہ میدک سے بی آر ایس رکن اسمبلی اور امیدوار پدما دیویندر ریڈی کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے عوام سے اپیل کرتے ہوئے ایم ہنمنت راؤ کے الزامات کو غلط ثابت کرنے کی کوشش کی ہے ۔ ملکاجگری کے رکن اسمبلی نے میدک اسمبلی حلقہ سے فرزند کو ٹکٹ دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے ہریش راؤ کو نشانہ بنایا تھا ۔ پارٹی نے اگرچہ ہنمنت راؤ کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی لیکن چیف منسٹر نے ہریش راؤ کو ضلع میدک میں انتخابات کا انچارج مقرر کرتے ہوئے اپنی بھرپور تائید کا اظہار کیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ وہ میدک ضلع کی ترقی کی ذمہ داری وزیر فینانس ہریش راؤ کے سپرد کرتے ہیں۔ ہریش راؤ میں وہ صلاحیت موجود ہے کہ وہ میدک کو دوسرے سدی پیٹ میں تبدیل کرسکتے ہیں۔ سدی پیٹ ترقی کے اعتبار سے ریاست کا ایک مثالی ضلع بن چکا ہے ۔ بی آر ایس رکن اسمبلی ہنمنت راؤ نے ہریش راؤ پر میدک کے معاملات میں مداخلت کا الزام عائد کیا تھا جس کے جواب میں چیف منسٹر نے ہریش راؤ کو ضلع کا انچارج مقرر کردیا ۔ ہنمنت راؤ نے انتباہ دیا تھا کہ وہ آئندہ اسمبلی چناؤ میں ہریش راؤ کے خلاف مقابلہ کریں گے ۔ انہوں نے میدک رکن اسمبلی پدما دیویندر ریڈی کو دوبارہ ٹکٹ دیئے جانے کی مخالفت کی جس کے جواب میں چیف منسٹر نے کہا کہ پدما دیویندر ریڈ ی پارٹی کی ایک متحرک ورکر ہیں اور وہ میری بیٹی طرح ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ پدما دیویندر ریڈی کو بھاری اکثریت سے کامیاب بناتے ہوئے بی آر ایس کو مضبوط کریں ۔