ہریش راؤ کا کانگریس اور بی جے پی کے قائدین کو سخت انتباہ

   

دھماکے کرنے اور انہدام کرنے کی دھمکیاں دینے والے قائدین کی عوام ضمانت ضبط کردیں گے
حیدرآباد ۔ 16 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر فینانس و صحت ٹی ہریش راؤ نے کانگریس قائدین کی جانب سے دھماکے کرنے اور بی جے پی قائدین کی جانب سے انہدام کرنے کی دھمکیاں دینے کی سخت مذمت کی اور دونوں جماعتوں کے قائدین کو سنبھل جانے کا مشورہ دیا ۔ بصورت دیگر سنگین نتائج کا انتباہ دیا ۔ یادگیری گٹہ میں تعمیر کیے جانے والے 100 بیڈس پر مشتمل ہاسپٹل کی عمارت کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد پارٹی قائدین سے خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ صبر کی بھی ایک حد ہوتی ہے ۔ بی آر ایس حکومت ترقیاتی اقدامات کررہی ہے اور اپوزیشن جماعتیں عوام کے جذبات کوٹھیس پہونچاتے ہوئے انہیں مشتعل کررہی ہیں ۔ دوبارہ اس طرح کی زبان استعمال کرنے پر عوام کانگریس اور بی جے پی قائدین کی ضمانتیں ضبط کردیں گے ۔ تلنگانہ کے عوام ترقی ، خوشحالی اور فلاحی اسکیمات چاہتے ہیں۔ اسکولس ، ہاسپٹلس ، میڈیکل کالجس آبپاشی پراجکٹس چاہتے ہیں ۔ بی آر ایس حکومت عوام کے توقعات پر کھری اتر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اپریل کے پہلے ہفتہ سے ریاست کے 33 اضلاع میں کے سی آر نیوٹریشن کٹس کی تقسیم کا آغاز کیا جائے گا ۔ بی بی سی کے دفتر پر آئی ٹی دھاوے کرنے سے ملک کا وقار متاثر ہورہا ہے ۔ بی بی سی میں ایک خبر شائع ہونے کے بعد دوسرے دن سے اس کے دفتر پر آئی ٹی دھاوے کئے جارہے ہیں ۔ مرکزی حکومت کی ان کارروائیوں سے دنیا کے سامنے ملک کو شرمندہ ہونا پڑرہا ہے ۔ ہریش راؤ نے سیاسی فائدے کے لیے مذہب کا استعمال کرنے کا بی جے پی پر الزام عائد کیا ۔ وزیر نے کہا کہ عوام کو بلاوقفہ برقی کی سربراہی کو یقینی بنانے کے لیے روزانہ 40 تا 50 کروڑ روپئے خرچ کرتے ہوئے برقی خریدنے اور عوام کو سربراہ کرنے کا دعویٰ کیا ۔۔ ن