گدوال کے ایک مندر میں ٹی آر ایس کارکنوں کا انوکھا اقدام
حیدرآباد ۔ 4 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ کے چیف منسٹر کی حیثیت سے ہریش راؤ کو دیکھنے کے خواہشمند ٹی آر ایس کارکنوں نے گدوال ضلع کے عالم پور میں خصوصی پوجا کا اہتمام کرتے ہوئے سنسنی دوڑا دی ہے۔ ایسے وقت جبکہ کے سی آر نے اپنی دوسری میعاد میں ہریش راؤ کو کابینہ میں شامل نہیں کیا اور سابق وزیر آبپاشی نے خود کو اپنے انتخابی حلقہ سدی پیٹ تک محدود کردیا ہے۔ سرکاری اجلاسوں میں ان کی عدم موجودگی صاف طور پر محسوس کی جارہی ہے ۔ ہریش راؤ کو کابینہ میں شامل نہ کئے جانے سے ان کے حامیوں میں ناراضگی پائی جاتی ہے جبکہ ٹی آر ایس کے سینئر قائدین بھی اس بارے میں تبصرہ کرنے سے گریز کر رہے ہیں۔ عالمپور میں ہریش راؤ کو چیف منسٹر بنانے کی پرارتھنا کے ساتھ سری جوگولمبا مندر میں خصوصی پوجا کا اہتمام کیا گیا ۔ یہ پوجا کسی اور نے نہیں بلکہ مقامی ٹی آر ایس قائدین کی جانب سے کی گئی ۔ گدوال کے چندا پور موضع سے تعلق رکھنے والے ہریش راؤ کے حامیوں نے 1016 روپئے مندر میں نذرانہ پیش کرتے ہوئے خصوصی پوجا کا اہتمام کیا۔ رنگا ریڈی ضلع میں ایس سی سیل کے نائب صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے ٹی آر ایس قائد نے پوجا کا اہتمام کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ تحریک کے دوران ہریش راؤ کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا ۔ انہوں نے تلنگانہ تحریک کو نئی جہد عطا کی تھی ۔ کارکنوں نے کہا کہ ہریش راؤ نے گھر بار چھوڑ کر تلنگائنہ کی تشکیل کے لئے خود کو وقف کردیا تھا۔ ایسے شخص کو ریاست کا چیف منسٹر ہونا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک کے دوران معمولی کارکنوں سے لے کر اہم قائدین تک ہریش راؤ نے بہتر تال میل کو یقینی بنایا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر کے سی آر پارٹی کے قائدین حتیٰ کے ہریش راؤ کو نظرانداز کر رہے ہیں۔ ہریش راؤ کے حق میں خصوصی پوجا پر ٹی آر ایس قائدین نے کسی ردعمل کا اظہار نہیں کیا ہے ۔ اگرچہ قیاس آرائیاں جاری ہیں کہ مجوزہ کابینی توسیع میں ہریش راؤ اور کے ٹی آر کو شامل کیا جائے لیکن دونوں قائدین کے حامیوں میں بے چینی برقرار ہے۔