ہریش راؤ کی بی آر ایس سے مستعفی ہونے کی تردید

   

کانگریس کے آئی ٹی سیل کیخلاف جھوٹی تشہیر پر قانونی کارروائی کرنے کا انتباہ
حیدرآباد : یکم مئی ( سیاست نیوز) بی آر ایس کے سینئر رکن اسمبلی و سابق ریاستی وزیر ٹی ہریش راؤ نے بی آر ایس سے مستعفی ہونے اور نئی سیاسی پارٹی تشکیل دینے کے تعلق سے سوشل میڈیا میں وائرل ہونے والی افواہوں کو مسترد کردیا اور کہا کہ یہ کانگریس پارٹی کی آئی ٹی سیل کا کمال ہے ۔ وہ نہ ہی پارٹی چھوڑنے والے ہیں اور نہ ہی بی جے پی میں ملنے والے ہیں ۔ میرے خلاف ایک منظم سازش کے تحت افواہیں پھیلائی جارہی ہیں ، اس پر بی آر ایس کے کیڈر کو توجہ دینے کی ضرورت نہیں ۔ ہریش راؤ نے ٹیوٹر پر ان کے خلاف پھیلائی جانے والی افواہوں پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس حکومت عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام ہوگئی ہے ۔ وہ حکومت کی ناکامیوں کو بے نقاب کررہے ہیں جس کی وجہ سے کانگریس پارٹی کا آئی ٹی سیل ان کے خلاف جھوٹی افواہیں پھیلاتے ہوئے بی آر ایس پارٹی چھوڑ دینے اور نئی سیاسی پارٹی تشکیل دینے اور بی جے پی سے اتحاد کرنے کے معاملہ میں بھی من گھڑت افواہیں پھیلا رہی ہیں اور کانگریس کے قائدین سوشل میڈیا کی ان جھوٹی افواہوں کو بڑے پیمانے پر تشہیر کرتے ہوئے ٹیوٹر پر انہیں بھی ٹیاگ کررہے ہیں ۔ وہ کانگریس قائدین کو انتباہ دیتے ہیں کہ اوچھی حرکتوں سے باز آجائیں اور سیاسی طور پر ان کا مقابلہ کریں ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ جھوٹی تشہیر میں کانگریس پارٹی نمبر ون ہے ۔ کانگریس آئی ٹی سیل کی جانب سے پھیلائی جانے والی یہ خبریں حکومت کی بوکھلاہٹ کو آشکار کرتی ہے ۔ ایسی افواہوں کے خلاف وہ قانونی کارروائی کریں گے ۔ 2