ہریش راؤ کی سالگرہ کے موقع پر نیلوفر ہاسپٹل میں غریبوں کی مدد

   

ٹی آر ایس کے رکن قانون ساز کونسل محمد فاروق حسین نے غریبوں میں بیڈ شیٹس اور غذا تقسیم کی
حیدرآباد :۔ ٹی آر ایس کے رکن قانون ساز کونسل محمد فاروق حسین نے ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ کی سالگرہ کے موقع پر نیلوفر ہاسپٹل کے قریب 300 افراد میں بیڈ شیٹس اور غذا کے پیاکٹس تقسیم اور پارٹی کارکنوں کی جانب سے فضول خرچی کے بجائے غریبوں میں ضرورت کی اشیاء تقسیم کرنے کا مشورہ دیا ۔ اس موقع پر میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے محمد فاروق حسین نے کہا کہ ہریش راؤ نے کورونا بحران کی وجہ سے اس سال بھی سالگرہ تقریب نہیں منانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس لیے ہم بھی کیک ، شال پوشی ، آتشبازی اور دوسری تقاریب کا اہتمام کرنے کے بجائے غریبوں کی مدد کرنے کیلئے شہر حیدرآباد کے نیلوفر ہاسپٹل کا انتخاب کرتے ہوئے غریب عوام میں ضرورت کی اشیاء تقسیم کیا گیا ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے کورونا بحران کے دوران پارٹی کیڈر کو ہدایت دی ہے کہ وہ فضول خرچی کے بجائے غریبوں کی مدد کرنے کو ترجیح دیں ۔ محمد فاروق حسین نے کہا کہ کورونا وبا اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے غریب عوام پریشان ہے ۔ سینکڑوں عوام بیروزگار ہوگئے ہیں ۔ آکسیجن کی قلت پیدا ہوئی ۔ ادویات کی خریدی بھی مشکل ہوگئی تھی ۔ لہذا وہ عوام بالخصوص مسلمانوں سے اپیل کرتے ہیں عوام کی اس مصیبت کی گھڑی میں انہیں تنہا نہ چھوڑیں بلکہ ان کا بھر پور تعاون کریں ۔ محمد فاروق حسین نے کہا کہ ہریش راؤ جہاں پارٹی میں ٹربل شوٹر ہیں وہ حقیقی زندگی میں انسانیت نواز شخص ہیں جو ہمیشہ پارٹی کارکنوں کیلئے دستیاب رہتے ہیں ۔ وہی عوامی مسائل کو حل کرنے میں پیش پیش رہتے ہیں ۔۔