کریم نگر میں آج منعقد ہونے والا بی سی گرجنا پروگرام ملتوی ، تازہ صورتحال کا جائزہ
حیدرآباد ۔ 7 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے رکن اسمبلی سابق وزیر ٹی ہریش راؤ نے فارم ہاوز پہونچکر پارٹی کے سربراہ سابق چیف منسٹر کے سی آر سے ملاقات کی ۔ ریاست کی تازہ سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا ۔ بارش کے پیش نظر 8 اگست کو کریم نگر میں منعقد ہونے والے بی سی گرجنا پروگرام کو 14 اگست تک ملتوی کردیا گیا ۔ کابینہ میں کالیشورم کمیشن کی رپورٹ کو منظوری دینے کے بعد دوسرے دن ہریش راؤ نے اس پراجکٹ کے تعلق سے بی آر ایس کے ہیڈ کوارٹرس تلنگانہ بھون پر پاور پوائنٹ پریزنٹیشن پیش کیا ۔ اضلاع میں پارٹی قائدین کی جانب سے بڑے بڑے اسکرین لگاتے ہوئے زیادہ سے زیادہ عوام تک بی آر ایس کے پیغام کو پھیلانے کی کوشش کی گئی ۔ اس کے علاوہ حکومت کی جانب سے کالیشورم کمیشن کی رپورٹ کو اسمبلی میں پیش کی گئی تو اس کا کس طرح سامنا کیا جائے اس پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ہے ۔ بی ار ایس کے ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ کے سی آر نے کہا کہ کالیشورم کمیشن کی رپورٹ پر کسی کو ڈرنے گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے ۔ حکومت کے فیصلے کے مطابق ماہرین قانون اور وکلاء کے صلاح و مشورے سے مستقبل کی حکمت عملی تیار کرنے سے واقف کرایا ۔ اس ملاقات میں کانگریس پارٹی کی جانب سے بی سی تحفظات کے لیے دہلی میں کئے گئے احتجاجی دھرنے کے تعلق سے بھی بات چیت ہوئی ہے ۔ کانگریس کے دھرنے کا عوام پر کتنا اثر پڑا ہے اور حکومت کی ناکامیوں کو عوام میں کس طرح لے جائیں اس پر بھی بات چیت ہوئی ہے ۔ مقامی اداروں کے انتخابات میں پارٹی کی منصوبہ بندی کا بھی جائزہ لیا گیا ہے ۔۔ 2