ہریش راؤ کے والد چل بسے، بی آر ایس کے تمام پروگرامس منسوخ

   

چیف منسٹر ریونت ریڈی ، کے سی آر ، عامر علی خاں کے علاوہ دیگر نے خراج عقیدت پیش کیا

حیدرآباد ۔ 28 ۔اکتوبر (سیاست نیوز) بی آر ایس کے سینئر قائد سابق ریاستی وزیر ہریش راؤ کے والد ٹی ستیہ نارائن راؤ نے آج آخری سانس لی ۔ بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے منگل کے تمام پارٹی پروگرامس اور اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز کے انتخابی مہم کے پروگرامس کو بھی منسوخ کردیا۔ بی آر ایس کے سربراہ سابق چیف منسٹر کے سی آر ، چیف منسٹر اے ریونت ریڈی ، ایم ایل سی عامر علی خاں کے علاوہ مرکزی و ریاستی وزراء کے علاوہ مختلف جماعتوں کے قائدین نے ہریش راؤ کے والد کے انتقال پر صدمہ کا اظہار کرتے ہوئے انہیں بھرپور خراج عقیدت پیش کیا ۔ اطلاع ملتے ہی ہریش راؤ کی قیامگاہ پر مختلف جماعتوں کے قائدین نے پہنچ کر انہیں پرسہ دیا اور تعزیت کا اظہار کیا ۔ تعزیت پیش کرنے والوں میں اسپیکر اسمبلی جی پرساد کمار‘ کونسل کے صدرنشین جی سکھیندر ریڈی ، مرکزی وزراء جی کشن ریڈی ، بنڈی سنجے ، صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مہیش کمار گوڑ ، صدر تلنگانہ بی جے پی رامچندر را ؤ ، سی پی آئی ، سی پی ایم کے قائدین ، مجلس کے صدر اسد الدین اویسی نے بھی ٹوئیٹ کرتے ہوئے اظہار تعزیت کیا ۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے سربراہ سابق چیف منسٹر آندھراپردیش جگن موہن ریڈی نے ٹیلیفون پر ہریش راؤ سے بات کرتے ہوئے گہرے صدمہ کا اظہار کیا اور تعزیت پیش کی ۔ فارم ہاؤز میں قیام کرنے والے بی آر ایس پارٹی کے سربراہ کے سی آر اپنے بہنوائی کے انتقال پر غمزدہ ہوگئے اور وہ فارم ہاؤز سے ہریش راؤ کی قیام گاہ کو پہنچ کر ستیہ نارائن راو کو خراج پیش کیا۔ اپنے بھانجے ہریش راؤ کو گلے لگاتے ہوئے پرسہ دیا ۔ بعد ازاں اپنی بیوہ بہن کے علاوہ خاندان کے دیگر ارکان سے ملاقات کرتے ہوئے گہرے دکھ کا اظہار کیا ۔ اطلاع ملتے ہی ہریش راؤ کے گھر کو سب سے پہلے کے ٹی آر پہنچ گئے ۔ اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز ضمنی انتخاب سے متعلق بی آر ایس کی امیدوار سنیتا گوپی ناتھ بھی ہریش راؤ کی قیامگاہ پہنچیں ۔ بی آر ایس کے قائدین بھاری تعداد میں پہنچ کر ہریش راؤ سے تعزیت کیا۔2