ہریش رائوکی کوششوں سے میدک ترقی کی سمت گامزن

   

کویتا کے الزامات بے بنیاد ‘ ناشائستہ بیانات کی مذمت ‘ بی آر ایس قائدین کا رد عمل
میدک، 16 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)تلنگانہ جاگرْتی کی صدر ایم ایل سی کویتا کی جانب سے ریاست کے سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ، سابق وزراء کے ٹی آر اور ہریش راؤ پر کی گئی سخت تنقید کے بعد میدک بی آر ایس پارٹی دفتر میں سابق میونسپل چیئرمین مَلیکارجْن گوڑ، صدرٹاؤن بی آر ایس مسٹر ایم انجنیلو۔جیون راؤ ایڈوکیٹ اور پارٹی قائدین نے دفتر پارٹی پر میڈیا سے مخاطب ہوتے ہوئے شدید ردِ عمل ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ کویتا نے میدک میں غیر شائستہ الفاظ استعمال کیے جنہیں عوام سختی سے مسترد کررہے ہیں۔قائدین نے کہا کہ کویتا نے ’’کَنّا تَلی‘‘ جیسی پارٹی اور اس کے قائدین کے بارے میں نامناسب ریمارکس کیے، جو نہ صرف افسوسناک بلکہ شرمناک بھی ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پارٹی نے انہیں پارلیمنٹ میں بھیجا، مگر دوبارہ موقع ملنے پر انہوں نے بدعنوانیوں اور غلط امور میں ملوث ہوکر عوام کا اعتماد کھو دیا۔ سال 2019 میں بی آر ایس کو 100 نشستیں ملنے کے باوجود بھی وہ اپنی ہی پارلیمنٹ حلقہ نظام آبادسے شکست کھا گئی تھیں، جو ان کی کارکردگی کا ثبوت ہے۔قائدین نے کہا کہ ایم ایل سی کویتا نے جوبلی ہلز ضمنی انتخابات پر نازیبا تبصرے کیے اور یہ ثابت ہوتا ہے کہ وہ کن لوگوں کے دباؤ میں ایسا بول رہی ہیں۔ انہوں نے چیلنج کیا کہ اگر واقعی ہریش راؤ کی 400 ایکڑ اراضی ریڈی پلی میں موجود ہے تو اسے عوام میں تقسیم کرنے کے لیے پیش کیا جائے، ورنہ کویتا عوام سے معافی مانگیں۔بی آر ایس قائدین نے کہا کہ کویتا کالیشورم پراجکٹ کی حقیقت سے لاعلم ہیں۔ اس سے قبل ہلدی واگو اور اطراف کے دیہات پانی اور زراعت کے مسائل سے دوچار تھے، مگر کالیشورم کی بدولت آج زیرِ زمین پانی میں اضافہ ہوا، ہلدی پوری طرح سرسبز ہے اور کسان خوشحال ہیں۔ ایسی ترقی کو فراموش کرتے ہوئے پروجکٹ پر بے بنیاد الزامات لگانا غیر ذمہ دارانہ رویہ ہے۔قائدین نے کہا کہ میدک کی ترقی کا سفر ہریش راؤ اور سابق ایم ایل اے پدما دیویندر ریڈی کی کوششوں کا نتیجہ ہے۔ ڈبل لین سڑک، ریلویز، ایس پی آفس، کلکٹریٹ، میڈیکل کالج اور 100 بستروں پر مشتمل ہاسپٹل جیسے بڑے کام اسی دور میں مکمل ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو برسوں میں کانگریس حکومت نے کوئی قابلِ ذکر منصوبہ نہیں دیا، مگر کویتا میدک آکر صرف بی آر ایس پر تنقید کرنے میں مصروف ہیں۔اس میڈیا اجلاس میں ایم۔ اَنّجا گوڑ، سی ایچ۔ سرینواس ریڈی، سابق کونسلرس آر کے سرینواس، بی کشور، جئے راج، مایا مَلّیشم، قائدین پربھو ریڈی، زبیر احمد، سرینو نائیک، رنجیت، لڈّو اور دیگر موجود تھے۔