بچوں کے ساتھ سفر نقصاندہ، منوہر آباد میں قیام اور طعام کی سہولتیں
حیدرآباد۔ 17 اپریل (سیاست نیوز) وزیر فینانس ہریش رائو کو آج اس وقت عجیب صورتحال سے گزرنا پڑا جب میدک کے منوہر آباد سرحدی علاقے میں کثیر تعداد میں غیر مقامی ورکرس پیدل اپنے آبائی مقامات کے لیے رواں دواں تھے۔ مرد و خواتین اور بچوں کی جانب سے اپنا بوجھ سرپر اٹھائے پیدل چلنے کو دیکھ کر ہریش رائو نے اپنی گاڑی روک دی۔ لاک ڈائون کے دوران پیدل سفر کی وجوہات دریافت کی جس پر غیر مقامی ورکرس نے بتایا کہ وہ لاک ڈائون کے مسائل سے پریشان ہیں اور اپنے آبائی مقام روانہ ہورہے ہیں۔ حیدرآباد کے نواحی علاقوں سے تعلق رکھنے والے یہ غیر مقامی ورکرس گزشتہ پانچ تا چھ دنوں سے پیدل چل رہے ہیں اور اپنی منزل پہنچنا چاہتے ہیں۔ ورکرس نے ہریش رائو کو بتایا کہ لاک ڈائون کے سبب وہ روزگار سے محروم ہوچکے ہیں اور کھانے کے لیے غذاء دستیاب نہیں ہے۔ ان حالات میں اپنی آبائی مقام واپسی کے علاوہ کوئی چارہ نہیں۔ ہریش رائو ان غریب ورکرس کی باتوں سے بے حد متاثر ہوگئے اور ان سے مزید پیدل سفر نہ کرنے کی درخواست کی۔ ہریش رائو نے کہا کہ چھوٹے بچوں کے ساتھ سفر کرنا صحت کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔ ہریش رائو کے سمجھانے پر ورکرس نے سفر ترک کرتے ہوئے منوہر آباد میں قیام سے اتفاق کرلیا۔ ہریش رائو نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ورکرس کے قیام کے علاوہ ان کی غذاء کا موثر انتظام کیا جائے۔ مرد و خواتین نے ہریش رائو کے تعاون پر اظہار تشکر کیا۔
