ہرین پانڈیا قتل کیس: سپریم کورٹ میں فیصلہ محفوظ

   

ممبئی، 7 فروری (سیاست ڈاٹ کام) گجرات کے مشہور لیڈر اور اُس وقت کے وزیر داخلہ ہرین پانڈیا کوقتل کرنے کے الزامات سے 12مسلم نوجوانوں کوبری کرنے والے ہائی کورٹ کے فیصلہ کے خلاف سی بی آئی کی جانب سے سپریم کورٹ میں دائر اپیل پر گزشتہ روز بحث مکمل ہوگئی جس کے بعد دو رکنی بنچ نے فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔اس معاملے میں جمعیۃ علماء مہاراشٹرا (ارشد مدنی) کی جانب سے سینئر وکلاء راجو رام چندرن، امریندر شرن اور نتیا راما کرشنن نے بحث کی۔ یہ اطلاع آج یہاں ممبئی میں ملزمین کو قانونی امداد فراہم کرنیوالی تنظیم جمعیۃ علماء مہاراشٹرا (ارشد مدنی) کی قانونی امداد کمیٹی کے سربراہ گلزار اعظمی نے دی۔ سینئر وکلاء نے بحث کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ ہائی کورٹ کا فیصلہ درست ہے جس پر نظر ثانی کی گنجائش نہیں ہے نیزسرکاری گواہ اعظم خان(گینگسٹر ادئے پور)کا بیان اور اس کی ممبئی کی خصوصی عدالت میں دی گئی گواہی جس میں اس نے یہ اعتراف کیا تھا کہ ہرین پانڈیا کو ڈی جی ونجارا و دیگر کے کہنے پر سہراب الدین و دیگرنے قتل کیا تھا جس کی وجہ سے ڈی جی ونجارا کے ذریعہ ہرین پانڈیا کے قتل کی سازش پر سے پردہ اٹھایاتھا جس سے صاف ظاہر ہوتا ہیکہ ہرین پانڈیا کو قتل کس نے کیا تھا اور سی بی آئی نے ملزمین کو ’بلی کا بکرا‘ بنایا۔