ہری چندن کی گورنر آندھراپردیش کی حیثیت سے حلف برداری

,

   

Ferty9 Clinic

چیف منسٹر جگن موہن ریڈی، قائد اپوزیشن چندرا بابو اور دیگر کی شرکت

حیدرآباد ۔24جولائی ( سیاست نیوز) آندھراپردیش کے نئے گورنر کی حیثیت سے مسٹر یشوا بھوشن ہری چندن کو آندھراپردیش ہائیکورٹ کے کارگذار چیف جسٹس سی پراوین کمار نے راج بھون میں نئے گورنر کے عہدہ و رازداری کا حلف دلایا ۔ اس تقریب میں چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی ، قائد اپوزیشن آندھراپردیش قانون ساز اسمبلی این چندرا بابو نائیڈو ، این لوکیش ، متعدد اہم عہدیدار ، ریاستی وزراء ، ارکان اسمبلی ، ممتاز سیاسی قائدین اور مختلف شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والے سربرآوردہ اصحاب کی کثیر تعداد شریک تھی ۔ واضح رہے کہ متحدہ ریاست آندھراپردیش کی تقسیم کے بعد دونوںتلگو ریاستوں کے گورنر کی حیثیت سے مسٹر ای ایس ایل نرسمہن نے اپنے فرائض انجام دیئے اور تاحال مرکزی بی جے پی حکومت نے آندھراپردیش کیلئے علحدہ گورنر کی حیثیت سے ریاست اڑیسہ سے تعلق رکھنے والے سینئر بی جے پی قائد مسٹر یشوا بھوشن ہری چندن کا تقرر کیا ۔ ذرائع کے مطابق یشوا بھوشن ہری چندن 3 اگست 1934ء میں ایک بڑے گھرانے میں پیدا ہوئے ۔ سال 1971ء میں انہوں نے بھارتیہ جن سنگھ میںشامل ہوئے اور بعد ازاں بی جے پی میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے بی جے پی کے سینئر قائدین میں تصور کئے جاتے ہیں ۔ سال 1980ء میں اڑیسہ کے بی جے پی صدر اور پھر قومی بی جے پی کے کارگذار صدر کے عہدہ پر فائز رہے ۔ علاوہ ازیں ایمرجنسی حالات کے دوران منظم کردہ مخالف ایمرجنسی جدوجہد میں حصہ لینے پر میسا قانون کے تحت گرفتار کئے گئے اور اندرا گاندھی حکومت کے خلاف اڑیسہ ہائیکورٹ ایڈوکیٹس کے ساتھ ریالی منظم کرنے میں اہم رول ادا کیا تھا اور جئے پرکاش نارائن کی جدوجہد میں بھی اپنا اہم رول ادا کیا ۔ سال 1990ء میں بیجو پٹنائک حکومت میں وزارتی عہدہ پر فائز رہے ۔ علاوہ ازیں سال 1996ء میں اڑیسہ بی جے پی قائد مقننہ پارٹی عہدہ کی ذمہ داری نبھائی تھی ۔