ہر اتوار کو چارمینار پر بھی تفریحی پروگرامس کے انعقاد کی تجویز

   

حیدرآباد۔11اکٹوبر(سیاست نیوز) ٹینک بنڈ پر ہر اتوار کو جس طرح سے خصوصی پروگرامس منعقد کئے جا رہے ہیں اسی طرز پر چارمینار پر بھی پروگرامس کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا۔ پرنسپل سیکریٹری محکمہ بلدی نظم ونسق مسٹر اروند کمار نے اپنے ٹوئیٹ کے ذریعہ شہریوں سے تجاویز طلب کی ہیںاور اسدالدین اویسی ایم پی حیدرآباد سے رائے ظاہر کرنے کی خواہش کی ۔ ریاستی وزیر کے ٹی رامار اؤ کی جانب سے 23اگسٹ کو کمشنر سٹی پولیس سے اپیل کی گئی تھی کہ اتوار کو شام کے وقت ٹینک بنڈ پر ٹریفک بند کرتے ہوئے شہریوں کو چہل قدمی اور تفریح کا موقع دیا جائے۔ وزیر کے ٹوئیٹ کے ساتھ ہی سٹی کمشنر کے اقدامات کے بعد اتوار کو ٹینک بنڈ پر ’سنڈے فن ڈے ‘ کے نام سے ہفتہ واری سرگرمیاں شروع ہوگئیں اور ٹینک بنڈ پر عوام کا ہجوم پہنچ رہا ہے ۔ اروند کمار کے ٹوئیٹ کے بعد کہا جار ہاہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے حدود میں اسی طرح کی ہفتہ واری سرگرمیاں شروع کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔