سری نگر،21ستمبر(یو این آئی) جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اتوار کو ٹی آر سی گراؤنڈ سرینگر میں ہیومل اور رئیل کشمیر فٹ بال کلب کی مشترکہ جرسی کی نقاب کشائی کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نوجوانوں کو کھیلوں کی طرف راغب کرنے اور جدید اسپورٹس انفراسٹرکچر کی تعمیر پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔وزیر اعلیٰ نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ ریاست کے ہر اسمبلی حلقے میں کھیلوں کے لئے بنیادی ڈھانچہ فراہم کیا جائے تاکہ نوجوانوں کو مثبت مواقع میسر آئیں۔ انہوں نے بتایا کہ ‘ہم نے ہر اسمبلی حلقے میں اسپورٹس سرگرمیاں شروع کی ہیں۔ ہماری مکمل کوشش ہے کہ انفراسٹرکچر تیار کرکے نوجوانوں کے سپرد کیا جائے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرسکیں۔’عمر عبداللہ نے کہا کہ ضلعی اور سب ضلع سطح پر مختلف کھیلوں کے ٹورنامنٹس منعقد کئے جارہے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان کھیلوں میں حصہ لے سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر میراتھن کا دوسرا مرحلہ اس سال دو نومبر کو ہوگا جس میں ملک بھر کے کھلاڑیوں کو مدعو کیا جارہا ہے ۔