صنعتوں کے قیام میں خواتین کی حوصلہ افزائی، وی ہب کی گریجویشن تقریب سے خطاب
حیدرآباد۔ 30 نومبر (سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈی سریدھر بابو نے کہا کہ خواتین کو معاشی طور پر خود مکتفی بنانے کے لئے ہر اسمبلی حلقہ میں خواتین کے لئے ایم ایس ایم ای پارکس قائم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو صنعتوں کے قیام میں حوصلہ افزائی اور معاشی طور پر خود مکتفی بنانے کے لئے مائیکرو اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزس پارک کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔ سریدھر بابو نے وی ہب کی جانب سے منعقدہ گریجویشن تقریب سے خطاب کیا جس کا اہتمام ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اوپن یونیورسٹی میں گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی معیشت کو 2047 تک تین ٹریلین ڈالر تک ترقی دینے کے منصوبہ میں خواتین کا اہم رول رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ویمن امپاورمنٹ کا آغاز ابتداء میں خاندان سے ہونا چاہئے جہاں خواتین کو معاشی اور سماجی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی حوصلہ افزائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں خواتین کی سماجی اور صنعتی سرگرمیوں میں شمولیت حوصلہ افزاء ہے اور یہ سماجی ذہنیت میں مثبت تبدیلی کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں خاتون لیبر کی شراکت کی شرح 55.7 فیصد درج کی گئی ہے جبکہ قومی شرح 45.2 فیصد ہے۔ 2017-18 میں خواتین کی حصہ داری 22 فیصد تھی جو 2023-24 میں بڑھ کر 40.3 فیصد ہوچکی ہے جس کے نتیجہ میں خواتین کے لئے روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوا ہے۔ سریدھر بابو نے خواتین کی صنعتی شعبہ میں حوصلہ افزائی کے لئے وی ہب کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ مائیکرو اسمال اور میڈیم انڈسٹریز کے قیام میں خواتین کی حوصلہ افزائی کے لئے حکومت ہر ممکن مساعی کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکل ڈیولپمنٹ، ٹیکنالوجی، فینانس، مارکٹنگ اور دیگر شعبہ جات میں خواتین کی شراکت حوصلہ افزاء ہے۔ انہوں نے خواتین کو مشورہ دیا کہ وہ صنعتی شعبہ میں دلچسپی لیتے ہوئے روزگار حاصل کرنے والوں کے بجائے روزگار فراہم کرنے والوں میں شامل ہو جائیں۔ تقریب میں اولمپک بیڈمنٹن کھلاڑی جوالاگٹہ، فلم پروڈیوسر پرینکا دت، وی ہب کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر پی سیتا اور عہدیداروں نے شرکت کی۔ 1