ہر ایک کو چن چن کے جواب دیا جائیگا: امیت شاہ

,

   

پہلگام دہشت گردانہ حملہ کے تناظر میں وزیرداخلہ کا انتباہ

نئی دہلی: مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ نے آج دہشت گردوں کو وارننگ دی کہ ہندوستان جموں و کشمیر کے پہلگام میں 26 شہریوں کی ہلاکت کے جواب میں ہر دہشت گرد کو ڈھونڈ نکالے گا۔ دہلی میں ایک ایونٹ سے خطاب کے دوران امیت شاہ نے گزشتہ ہفتے پیش آئے دہشت گردانہ حملہ کے بارے میں پہلی مرتبہ عوام میں تبصرہ کیا اور کہا کہ دہشت گردوں کیلئے بدترین انجام ابھی باقی ہے۔ وزیرداخلہ آسام کے بوڈو کمیونٹی کے لیڈر اوپیندر ناتھ برہما کے مجسمہ کی رونمائی اور ان سے ایک سڑک کو موسوم کرنے کی تقریب میں کہا کہ جس نے بھی پہلگام میں ہلاکت خیز حملہ کیا ہے اسے بخشا نہیں جائے گا۔ ہم اس حملہ کے ہر مجرم کو ڈھونڈ نکالیں گے۔ مت سمجھو کہ تم نے 26 افراد کو مار کر بڑا کام کرلیا ہے۔ تم میں سے ہر ایک کو اس طرح خمیازہ بھگتنا ہوگا۔ ہر ایک کو چن چن کے جواب دیا جائے گا۔ یہ نریندر مودی حکومت ہے، کسی کو بھی چھوڑا نہیں جائے گا۔ ہمارا عزم ہیکہ دہشت گردی کو اس ملک سے پوری طرح ختم کیا جائے اور یہ کام کیا جائے گا۔ وزیرداخلہ نے دہلی کے لیفٹننٹ گورنر وی کے سکسینہ، چیف منسٹر ریکھا گپتا اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ 22 اپریل کو پیش آئے حملہ کے مہلوکین کی یاد میں خاموشی بھی منائی۔ چیف منسٹر آسام ہمنتا بسوا سرما اور بوڈولینڈ کونسل کے عہدیدار بھی اس موقع پر شریک ہوئے۔