خواتین کیلئے علحدہ جم کا قیام ، ریاستی وزیر سرینواس گوڑ کا خطاب
محبوب نگر ۔ بلدیہ محبوب نگر کے تمام وارڈز میں ترقیاتی کاموں کی انجام دہی میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی جائے گی ۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیر سرینواس گوڑ نے بلدیہ محبوب نگر کے اجلاس میں کیا ، وہ بحیثیت مہمان خصوصی شریک تھے ۔ صدارت میونسپل چیرمین نرسمہلو نے کی ۔ ریاستی وزیر نے مزید کہا کہ ہر بلدی وارڈ میں ایک پارک اور ایک جم کے قیام کا منصوبہ ہے جب کہ خواتین کیلئے بھی علحدہ جم قائم کیا جائے گا ۔ والی بال اکیڈیمی کے قیام کے اقدامات لئے جائیں گے ۔ شہریوں کو چہل قدمی میں سہولت کی خاطر بی ایڈ کالج گراؤنڈ پالی ٹیکنک کالج گراؤنڈ میں انتظام کیا جائے گا ۔ انہوں نے کونسلرس سے کہا کہ وہ اپنے اپنے حلقوں میں بڑے پیمانے پر شجرکاری کریں ۔ پینے کے پانی کے مسئلہ پر بلدیہ اور مشن بھگیرتا کے انجنیئرس مشاورت کرتے ہوئے کام کرتے رہیں ۔ کورونا وائرس سے حفاظت کیلئے دی گئی ہدایات پر عمل آوری کریں ۔ ماسک ، سینیٹائزر اور جسمانی فاصلہ کا ہر کوئی اہتمام کرے ، گورنمنٹ جنرل ہاسپٹل محبوب نگر میں عنقریب کووڈ۔19 وارڈ کا آغاز ہوگا ۔ مختلف مقامات پر رعیتو وارڈس کے قیام کا بھی منصوبہ ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسٹریٹ وینڈرس کو مفت برقی سربراہ کی جائے گی ۔ چھوٹے بیوپاریوں کو ڈی سی سی بینک کے ذریعہ قرض فراہم کیا جائے گا ۔ اجلاس کے آغاز کے ساتھ ہی سید سعادت اللہ حسینی کونسلر نے ملک کی سرحد پر چین کے حملہ میں شہید ہونیو الے فوجیوں کو خراج پیش کرنے کیلئے دو منٹ کی خاموشی اختیار کرنے کی اپیل کی ۔ انہوں نے کہا کہ حال میں حج ہاؤز کا جو سنگ بنیاد رکھا گیا ہے وہ شہر سے کافی دور ہے ۔ قلب شہر میں مسجد شمس سے متصل یا پھر حاجی غفار پٹرول پمپ کے پچھلے حصہ میں سرکاری اراضی پر تعمیر کرنے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جائیداد ٹیکس پر عائد کئے جارہے جرمانے اور طبی بازاری وصول نہ کی جائے کیونکہ کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن سے عوام کافی پریشان ہیں ۔ ٹی آر ایس فلور لیڈر محمد شبیر نے بھی حج ہاؤم کو سروے نمبر 77 مسجد شمس کے قریب تعمیر کرنے کا مطالبہ کیا ۔ محمد معین علی کونسلر نے مطالبہ کیا کہ عبادت گاہوں کو جائیداد ٹیکس سے مستثنیٰ رکھا جائے ۔ بی جے پی فلور لیڈر نے کہا کہ مشن بھگیرتا کیلئے جو کھدوائی کی گئی ہے اور پائپ لائن کھلے چھوڑے گئے ہیں ۔ جلد سے جلدکام تکمیل کئے جائیں ۔ اجلاس میں وائس چیرمین گنیش ، کمشنر بلدیہ سریندر ، کونسلرس و عہدیداران موجود تھے ۔