ہر بے گھر شخص کا اپنا گھر ہو: گورنر

   

رانچی: جھارکھنڈ کے گورنر سی پی۔ رادھا کرشنن نے آج گوڈا ضلع کے سندرپہاڑی میں واقع فٹ بال گراؤنڈ میں ‘لوک سمواد پروگرام’ میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ انہیں یہ جان کر بے حد خوشی ہوئی ہے کہ پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت 50000 سے زیادہ مکانات تعمیر کیے گئے ہیں۔ اس حوالے سے بات چیت کے دوران ایک خاتون نے بتایا کہ وہ کچے گھر سے پکا مکان حاصل کر کے بہت خوش ہے اور اب انہیں موسم کی مار نہیں جھیلنی پڑتی۔ گورنر نے کہا کہ حکومت کا مقصد یہ ہے کہ ہر بے گھر شخص کے پاس اپنا گھر ہو۔ صرف گھرہی نہیں بلکہ گھر کے ساتھ ساتھ انہیں پینے کا پانی بھی دستیاب ہو۔ اس کے لیے وزیر اعظم نریندرمودی کے ذریعہ نل جل یوجنا چلائی جارہی ہے ۔ اس اسکیم کے تحت ہر گھر میں پینے کا پانی پہنچایا جائے گا، اس کے لیے مسلسل کام جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک باوقار زندگی کے لیے لوگوں کی بنیادی ضروریات پوری کی جائیں۔ رہائش اور پینے کے پانی کی فراہمی کے ساتھ ساتھ حکومت بلا تعطل بجلی، اچھی سڑکیں، جدید صحت اور تعلیم کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے ۔